لندن میں فلسطینی حامیوں نے مظاہرہ کرکے صیہونی حکومت کو ہتھیاروں کی سپلائی روکے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔ لندن کے مرکز میں فلسطینی حامیوں نے مظاہرہ کرتے ہوئے غزہ میں صیہونی فوج کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی، فوری جنگ بندی اور اسرائیل کو ہتھیاروں کی ترسیل بندکئے جانے کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین ہاتھوں میں فلسطینی پرچم اٹھائے ہوئے تھے اور ایسے پلے کارڈز بھی اٹھائے ہوئے تھے جن پر لکھا تھا “مسیح فلسطینی تھے” اور “برطانوی ہتھیار غزہ میں نسل کشی کے لیے استعمال کیے جا رہے ہیں۔مظاہرین نے “جنگ بند کرو” اور “فلسطین کو آزاد کرو” کے نعرے بھی لگائے۔
انہوں نے اسرائیل کو ہتھیاروں کی فروخت بند کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔مظاہرین نے صیہونی حکومت سے متعلق کمپنیوں کے بائیکاٹ پر بھی تاکید کی اور کہا کہ ان کمپنیوں کا بائیکاٹ کرو جو اس نسل کشی کی مالی معاونت کرتی ہیں۔
واضح رہے کہ برطانوی حکومت نے ستمبر کے اوائل میں اعلان کیا تھا کہ وہ اسرائیلی حکومت کو ہتھیار فروخت کے تین سو پچاس لائسنسوں میں سے تیس کو ان خدشات کے پیش نظر معطل کر رہی ہے کہ وہ انسانی قوانین کی خلاف ورزی میں استعمال ہو رہے ہیں۔
ان لائسنسوں میں ہوائی جہاز، ہیلی کاپٹرز، ڈرونز اور فوجی ساز و سامان کی فروخت شامل ہے جو زمینی حملے کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔