ابوظہبی۔آئی پی ایل کے ساتویں سیشن کے پہلے ہی میچ میں کل یہاں شکست سے مایوس ممبئی انڈینس کے کپتان روہت شرما نے کہا کہ ان کی ٹیم کو اس شکست سے کافی سبق سیکھناہوگا ۔ روہت نے کہا ، یہ مایوس کن ہے کہ ہم پہلا ہی میچ ہار گئے ۔اس شکست سے بہت کچھ سیکھناہوگا ۔ ہم اس سے مثبت باتیں لیں گے ۔ امید ہے کہ کھلاڑی مثبت رہتے ہوئے ایک – دوسرے کے ساتھ مزہ لیں گے ۔ یہ بہت طویل ٹورنامنٹ ہے ۔ انہوں نے کے کے آر کے بلے بازوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا ، انہوں نے عمدہ بلے بازی کی اور ہمیں وقت پر وکٹ نہیں ملے ۔ ہم نے اپنی طرف سے پوری کوشش کی ۔ ملنگا نے بہترین گیند بازی کی اور امید ہے کہ جلد ہی ہم جیت کی راہ پر واپس آئیں گے ۔ ممبئی انڈینس کے تیز گیند باز لستھ ملنگا نے چار وکٹ گراکر گیند سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن انہیں لگتا ہے کہ وہ کولکاتا نائٹ رائیڈرس سے آئی پی ایل -7 کے ابتدائی مقابلے میں شکست کے ذمہ دار رہے ۔ ملنگا نے کہا کہ ان کی طرف سے کیچ چھوڑنا گزشتہ چمپئن ممبئی کو بھاری پڑ گیا ۔ ممبئی کو گذشتہ رات یہاں کولکاتا کی ٹیم سے 41 رن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ انہوں نے آئی پی ایل کی سرکاری ویب سائٹ پر انٹرویو میں تسلیم کیا کہ ہم نے پہلے 10 اووروں میں واقعی شاندار گیند بازی کی ، لیکن اس کے بعد ہم پکڑ کھو بیٹھے ۔ ہم نے جیک کیلس اور منیش پانڈے کو بڑی پارٹنرشپ ادا کرنے دی ۔ ہمیں میچ میں جو چیز سب سے زیادہ مہنگی پڑی ، وہ میری طرف سے کیلس کا کیچ چھوڑنا تھا کیونکہ اس وقت وہ 34 رن پر تھے ۔ ملنگا نے 23 رنز دے کر چار وکٹ حاصل کئے اور یہ سری لنکا کے کھلاڑی نے کہا کہ جہاں تک ان کی گیند بازی کا سوال ہے ، وہ اچھی ذہنی حالت میں تھے ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اچھی گیند بازی کی اور یہ وکٹ کے لحاظ سے بھی اچھی تھی ۔ لیکن ہم بطور ٹیم ہار گئے ، جو مایوس کن ہے ۔ لیکن یہ پہلا میچ تھا اور ٹیم کو مکمل اعتماد ہے کہ ٹورنامنٹ کے اگلے میچوں میں ہم لے حاصل کریں گے ۔ ہم اس میچ کو سیکھنے کے تجربے کے طور پر لیں گے اور مختلف پہلوؤں کو بہتر کریں گے ۔