لاہور: پاکستانیوں کی صلاحیتوں کا اعتراف پوری دنیا میں کیا جاتا ہے۔ حال ہی میں ہمارے ملک کی معروف اداکارہ وماڈل حمائمہ ملک کی حقیقت سے قریب اداکاری نے ہندوستانی اداکار عمران ہاشمی کوپریشان کردیا۔بے ہوش ہونے کی ایکٹنگ حقیقت کے اس قدر قریب تھی کہ بالی وڈ اسٹارنے سیٹ پر ایمبولینس منگوانے کے لیے شورمچادیا۔ فلم ’’راجا نٹورلال‘‘ کی شوٹنگ کے دوران حمائمہ ملک اچانک سیٹ پربے ہوش ہوگئیں۔ جس پرعمران ہاشمی جیسے شاطر فنکار پریشان ہوئے اور
انھوں نے سیٹ پرموجود اسٹاف کوفوری ایمبولینس منگوانے کے لیے رابطہ کرلیا لیکن جونہی اداکارہ قہقہے لگاتی ہوئی ہوش میں آئیں توعمران ہاشمی سرپرہاتھ رکھ کرحیرانی سے انھیں دیکھنے لگے اورپھر ان کی حقیقت کے قریب اداکاری کی تعریف کرڈالی۔ جب اس سلسلہ میں عمائمہ ملک سے رابطہ کیا گیا توانھوں نے اس واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے ’’ نمائندہ ایکسپریس‘‘ کو بتایا کہ فلم کی شوٹنگ ساؤتھ افریقہ کی خوبصورت لوکیشنز پرجاری تھی۔ پندرہ روزہ شوٹنگ سپیل کے دوران ہم نے جہاں بہت ساکام عکسبند کیا ، وہیں ایک گیت بھی فلمایا گیا۔ اس دوران ایک دن میں اورعمران ہاشمی لوکیشن پرموجود تھے اوراپنا سین عکسبند کروانے کے بعد بیٹھے باتیں کررہے تھے۔اس دوران مجھے خیال آیا کہ عمران کوتنگ کروں۔ میں نے بات کرتے ہوئے اچانک بے ہوش ہونے کی ایکٹنگ شروع کی اورگرگئی۔ جس پرپہلے عمران نے مزاق کیا لیکن میری طرف سے کوئی رسپانس نہ ملنے پر وہ پریشان ہوگئے اورفوری ایمبولینس منگوانے کے لیے اسٹاف کوبلوالیا۔ میں نے اس مزاق کوفوری ختم کرتے ہوئے آنکھیں کھولی توعمران ہاشمی واقعی پریشان دکھائی دے رہے تھے۔ عمران ہاشمی کا کہنا تھا کہ میں سچ میں ڈر گیا تھااورایسے لگا کہ میں حقیقت میں بے ہوش ہوگئی ہوں اس لیے میںنے ضروری سمجھا کہ فوری طبی امداد کا انتظام کیا جائے لیکن ایک بات کی داد دینا ہوگی کہ تمہاری اداکاری بہت جاندار تھی۔عمائمہ ملک نے کہاکہ فلم کی شوٹنگز کے دوران اس طرح کے چھوٹے موٹے واقعات ہوتے رہتے ہیں۔ دیارغیر میں رہ کروقت پاس کرنے کے لیے اس طرح کی حرکتیں ہوتی رہتی ہیں۔ جہاں تک بات فلم کے نام کی تبدیلی اورریلیزنگ کی ہے توفلم کا نام پہلے ’’شاطر‘‘تھا لیکن اب اس کا نام تبدیل کر کے ’’ راجا نٹورلال‘‘ رکھا گیا جب کہ فلم کی ریلیزکے لیے ابھی تک 29اگست کی تاریخ فائنل کی گئی ہے۔ تشہیری مہم کے لیے فلم کی پوری ٹیم نے ابھی سے تیاریاں شروع کردی ہیں۔ہم فلم کی ریلیز سے قبل بھارت ہی نہیں مڈل ایسٹ اوریورپ بھی جائینگے۔ ایک سوال کے جواب میں عمائمہ ملک نے بتایا کہ ’’راجا نٹورلال‘‘ میں اپنے کردار اورساتھی اداکارعمران ہاشمی کے ساتھ کام کرنے سے مطمئن ہوں۔ میں ایک پروفیشنل اداکارہ ہوں اوراپنے کردار سے انصاف کرنا میری اولین ترجیح ہے۔ فلم میں میرا بہت جاندارکردار ہے ، لیکن پالیسی کی وجہ سے فی الحال اپنے کردار اور کہانی کے بارے میں کچھ نہیں بتاسکوں گی۔ میں صرف اتنا ہی کہنا چاہوں گی کہ ہماری فلم میں لوگوںکوتفریح فراہم کرنے کے لیے مضبوط کہانی اورمیوزک شامل ہے اوریہ فلم بینوں کی توجہ کا مرکزبنے گا۔ انھوں نے مزید بتایاکہ پاکستان میں بھی بہت سی اچھی اورمعیاری فلمیں بنائی جارہی ہیں۔ فلم ’’ارتھ‘‘ میں مجھے ایک چیلنجنگ کرداردیا گیا ہے جس کے لیے خاصی محنت کررہی ہوں۔ میرے مدمقابل ایک طرف شان اوردوسری جانب ہمایوں سعید ہیں۔ دونوں فنکاراپنی مثال آپ ہیں اس لیے مجھے باصلاحیت فنکاروں کے درمیان اپنی جگہ بنانے اوراپنا کام منوانے کے لیے بہت محنت کرنا پڑرہی ہے۔