ٹھنڈ اور گھنے کہرے سے فی الحال شمالی ہند کے لوگوں کو راحت ملنے کی امید نہیں ہے۔ دہلی اور اتر پردیش میں گھنے کہرے کو لے کر منگل اور بدھ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
بدھ کو ‘ویسٹرن ڈسٹربینس’ فعال ہونے کی وجہ سے راجدھانی میں شام یا رات کو رک رک کر ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ اس کے بعد جمعرات کو بھی ہلکی بارش ہونے کا امکان ہے۔ اس کے بعد موسم کے صاف رہنے کا اندازہ ہے۔
پیر کو بھی گھنے کہرے کی وجہ سے آئی جی آئی ایئرپورٹ پر صبح 5 بجے سے 8 بجے کے درمیان 3 گھنٹے تک کم سے کم حد نگاہ صرف 50 میٹر رہی۔ صفدر جنگ کے پاس بھی صبح ساڑھے پانچ سے سات بجے کے بیچ حد نگاہ 150 میٹر رہی۔
اس سے پروازیں متاثر ہوئیں ساتھ ہی سڑک اور ریل خدمات پر بھی اس کا اثر پڑا۔ پیر کو دہلی میں کم سے کم درجہ حرارت 9.4 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔
کشمیر میں پیر کو کم سے کم درجہ حرارت میں گراوٹ دیکھی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے کچھ دنوں میں یہاں ایسا ہی موسم رہے گا۔ 16 جنوری کی شام سے موسم میں پھر سے ہلچل ہوگی اور کشمیر میں برفباری اور بارش ہو سکتی ہے۔ ‘ویسٹرن ڈسٹربینس’ کا اثر 18 جنوری شام تک رہے گا۔
ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں میں پیر کو دو دن بعد دھوپ نکلنے سے ٹھنڈ میں کمی آئی ہے۔ حالانکہ ہماچل کے حمیر پور، اونا و کانگڑا میں سرد لہر چلتی رہی۔
موسم صاف رہنے سے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں 2 سے 7 ڈگری تک کا اضافہ درج کیا گیا ہے۔ برفباری سے رکاوٹ کا شکار ہوئے اتراکھنڈ کے جوشی مٹھ-اولی مارگ، گنگوتری و یمونوتری شاہراہ اور توا گھاٹ-لپولیکھ شاہراہ پر آمد و رفت بحال ہو گئی ہے۔
وہیں بہار میں گزشتہ 13 دنوں کے دوران موسم کا مزاج بدلتا رہا۔ کچھ دنوں پہلے ریاست کے زیادہ تر حصے سرد لہر کی زد میں رہے۔ گزشتہ دنوں پٹنہ سمیت جنوبی و شمالی حصوں کے کے کچھ مقامات پر ہلکی بارش درج کی گئی۔
بتایا جاتا ہے کہ مکر سنکرانتی پر موسم کا مزاج بدل سکتا ہے۔ درجہ حرارت 10 ڈگری سے نیچے گر سکتا ہے۔ پٹنہ اور دیگر ضلعوں میں 12 بجے کے بعد دھوپ دیکھنے کو ملے گی۔