غزہ کے مقابلے میں صیہونی حکومت کی شکستِ فاش کے جشن کو آج ایران بھر میں جمعۃ النصر کے نام سے منایا گیا۔ ایرانی عوام آج فلسطین اور غزہ کے مقابلے میں صیہونی دشمن کی ذلت آمیز شکست کا جشن منانے کے لئے دارالحکومت تہران سمیت پورے ملک میں سڑکوں پر نکلے۔
نماز جمعہ کے بعد نکلنے والی ان ملک گیر ریلیوں میں ایرانی عوام نے گزشتہ پندرہ مہینوں کے دوران امریکی و مغربی حمایت یافتہ خونخوار صیہونی دشمن کے مقابلے میں فلسطینی جیالوں کی افسانوی شجاعت و مزاحمت اور انکے حیران کن صبر کا جشن بڑے زور و شور سے منایا۔
ریلیوں میں نمازیوں کے ساتھ ساتھ بعض سول اور عسکری اعلیٰ عہدے داروں نے بھی شرکت کی۔ ایرانی عوام نے ریلیوں میں فلسطین، غزہ اور انکے حامیوں کی حمایت اور صیہونی حکومت اور اسکے حامیوں بالخصوص امریکہ کے مجرمانہ اقدامات کے خلاف فلک شگاف نعرے بلند لگائے۔
ایرانی عوام نے اسی طرح فلسطین کی تحریک حماس، لبنان کی حزب اللہ اور یمن کی تحریک انصار اللہ کی جانب سے غاصب صیہونی دشمن کے خلاف انجام پانے والے تمام اقدامات سے اپنی مکمل حمایت پر زور دیا۔