نئی دہلی : ہندوستان کے دورے پر آئے انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو کا وزیراعظم کے ساتھ بات چیت سے پہلے ہفتہ کے روزیہاں راشٹرپتی بھون میں روایتی استقبال کیا گیا۔
انڈونیشیا کے صدر پہلی بار ہندوستان کے سرکاری دورے پر آئے ہیں۔ وہ کل ہندوستان کے 76ویں یوم جمہوریہ کی تقریبات میں مہمان خصوصی ہوں گے۔ آج ان کا وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کا پروگرام ہے۔
صدرجمہوریہ دروپدی مرمو اور وزیر اعظم نریندر مودی نے راشٹرپتی بھون کے احاطے میں مسٹر سوبیانتو کا پرتپاک استقبال کیا۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، “ایک خاص دوست کا خصوصی استقبال!” صدرجمہوریہ ہند دروپدی مرمو اور وزیر اعظم نے انڈونیشیا کے صدر کا ہندوستان کے پہلے سرکاری دورے پر پرتپاک استقبال کیا۔ صدر پرابوو کا راشٹرپتی بھون کے صحن میں رسمی استقبال اور گارڈ آف آنر دیا گیا۔ صدر پرابوو نے بعد میں میڈیا کو بتایا، ”انڈونیشیا ہندوستان کو بہت اچھا دوست مانتا ہے۔
ہندوستان پہلا ملک تھا جس نے ہماری آزادی کو تسلیم کیا اور ہماری جدوجہد آزادی میں ہمارا ساتھ دیا۔ ہم یہ کبھی نہیں بھولیں گے۔ میں ہندوستان کے ساتھ قریبی تعاون اور شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہوں، یہ میرا پختہ عزم ہے۔‘‘
بعد میں وہ راج گھاٹ گئے اور مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ جمعرات کو ہندوستان پہنچنے والے صدر پرابوو نے جمعہ کو خان مارکیٹ میں کتابوں کی دکان کا دورہ کیا اور اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ایک تصویر پوسٹ کی۔