لکھنؤ(نامہ نگار)بی جے پی کے سینئر لیڈر ورکن پارلیمنٹ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ پوروانچل کے اس علاقے میں جہاں نکسلی سرگرمیوں میں اضافہ ہورہا ہے۔ وہیں سماجوادی پارٹی بی ایس پی کے اقتدار میں غنڈا گردی سے عوام پریشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک وریاست میں بدعنوانی میںملوث لوگ متحد ہوکر بی جے پی کی مخالفت کررہے ہیں۔ یوگی آدتیہ ناتھ دیوریا سے پارٹی کے پارلیمانی امیدوار کلراج مشرا کی حمایت میں منعقدہ جلسے کو خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ تعمیرات عامہ وزیرکے طور پر پانچ سو کی آبادی والے گاؤں کو پنڈت دین دیال اپادھیائے نے دیہی سڑک اسکیم کے ذریعے اہم سڑکوںسے جوڑنے کا کام کیا ہے۔ پوروانچل میں دماغی بخار کی روک تھام کیلئے وزیرصحت کے طور پربی آر ڈی میڈیکل کالج میں علیحدہ سے دماغی بخار متاثرین کے مفت علاج کا آغاز بھی کلراج مشرا نے کیا ہے۔ انہوں نے سماجوادی پارٹی ،بی ایس پی اور کانگریس پر خوش کرنے کی پالیسی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ووٹ بینک کی لالچ میں مذہب کی بنیاد پر مسلمانوں کو ریزرویشن دینے کی بات مذکورہ پارٹیاں کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ طبقوں کے حقوق کو سلب کرکے مذہب کی بنیاد پر ریزرویشن دینے کی کسی بھی کوشش کی مخالفت کی جائے گی۔اکھلیش حکومت پر دہشت گردوں کی طرفداری کرنے کا الزام عائ
د کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی وارداتوں کے ملزمین کو جیل سے رہا کرنے کی کوشش کرنے والی اکھلیش حکومت قبرستانوں کی چہاردیواری تعمیر کرواتی ہے۔ مسلمان لڑکیوں کی امداد کرتی ہے اور بیوہ پینشن اسکیم، معذور پینشن کی پرواہ نہیں کرتی ۔انہوں نے سوال کیا کہ یہ امتیاز کیوں؟انہوں نے ملک کی اندرونی حفاظت کا ذکر کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ ملک میں بدعنوانی ، گرانی ،دہشت گردی کے خاتمے کیلئے بہتر حکومت اور ترقی کے مدعے پر بی جے پی امیدوار کو کامیاب بنائیں۔ اس سے قبل جلسے کو خطاب کرتے ہوئے بی جے پی کے سینئر لیڈر ودیوریا پارلیمانی حلقے کے امیدوار کلراج مشرا نے کہا کہ انہوں نے زندگی میں وصولوں کے ساتھ سمجھوتہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ دیوریا میں طویل عرصے سے انہوں نے ترقیاتی کام کرائیں اور یہاں کے گاؤں سے میرا قدیمی رشتہ رہا ہے۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ بطور رکن پارلیمنٹ ان کی امیدوں پر کھرا اترنے کی کوشش کروں گا۔ علاقے میں سیاحت کے امکانات ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجلی، سڑک ، پانی، تعلیم وصحت کی اسکیمیں مرتب کرتے ہوئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔