اتر پردیش کے غازی آباد کے صاحب آباد میں پٹرول پمپ کے پاس کھڑے ایل پی جی گیس سلنڈر سے بھرے ٹرک میں ہفتہ کی صبح شدید آگ لگ گئی۔ ٹرک میں بڑی تعداد میں بھرے ہوئے گیس سلنڈر موجود تھے۔
دیکھتے ہی دیکھتے دھماکوں کے ساتھ سلنڈروں میں آگ لگتی چلی گئی۔ یکے بعد دیگرے ہوئے دھماکوں سے پورا علاقہ لرز اٹھا۔ ٹرک میں ہوئے دھماکوں کے بعد موقع سے کئی سو میٹر دور ڈیفنس کالونی میں پھٹے ہوئے گیس سلنڈر کے ٹکڑے ملے ہیں جس سے لوگ بال بال بچ گئے۔
فی الحال آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور اس کی زد میں دو گھر اور کئی گاڑی آئے۔ خوش قسمتی کی بات رہی کہ اس حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
چیف فائر آفیسر راہل پال کے مطابق آج صبح تقریباً 4:35 بجے صاحب آباد فائر اسٹیشن پر بھوپورا چوراہے کے پاس بھارت گیس کمپنی کے ایل پی جی سلنڈر لے جا رہے ٹرک میں آگ لگنے اور دھماکہ ہونے کی اطلاع ملی۔ اس کے بعد صاحب آباد اور دیگر جگہوں سے فائر بریگیڈ کی 10 گاڑیاں فوراً موقع پر پہنچیں۔
دھماکہ کی وجہ سے سلنڈر اِدھر اُدھر بکھر گئے تھے جس میں 2 مکانوں اور 3 سے 4 گاڑیوں میں آگ لگ گئی تھی۔ فائر بریگیڈ کے اہلکاروں نے تقریباً دو گھنٹے کی سخت مشقت کے بعد آگ کو بجھانے میں کامیابی حاصل کی۔ اس کے بعد جائے وقوع پر کولنگ کا کام کیا گیا۔
سی ایف او راہل پال نے بتایا کہ سلنڈر دھماکہ کی آواز کئی کیلومیٹر تک سنی گئی۔ جائے حادثہ سے 3-2 کیلومیٹر دور شوٹ کیے گئے ویڈیو میں دھماکہ کی آواز سنائی دے رہی ہے۔
جائے حادثہ کے قریب رہنے والے ایک شخص سچن نے اے این آئی کو بتایا کہ صبح تقریباً 3 سے 3:30 بجے اچانک تیز دھماکہ سنائی دیا۔ ہم اپنے بچوں کے ساتھ گھر سے باہر بھاگے۔
سلنڈروں میں دھماکے ہوتے رہے۔ قریب میں ہی لکڑی کا گودام تھا۔ ہمارا گھر اب بہت خراب حالت میں ہے۔ کار کی کھڑکیاں ٹوٹ گئی ہیں۔ ہوا میں اُچھلے سلنڈر ہمارے گھر پر گرے جس سے چھت کی گریل ٹوٹ گئی ہے۔ ہماری دکان اور پانی کے ٹینکر کے شٹر کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
وہیں ایک دوسرے شخص سندیپ نے بتایا کہ گھر میں تین سلنڈر گرے۔ سلنڈر لیونگ روم میں بھی گرے۔ اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ سلنڈر پہلی منزل پر کیسے گرے، یہاں غیر قانونی لکڑی کے گودام میں کوئی سیفٹی نہیں ہے۔ بچے بہت ڈرے ہوئے تھے۔ یہاں سے بھاگنا مشکل تھا لیکن خوش قسمتی سے ہم سبھی محفوظ ہیں۔