نئی دہلی : راجیہ سبھا میں جمعرات کو حزب اختلاف کے ارکان نے امریکہ سے واپس آنے والے تارکین وطن کے معاملے پر ہنگامہ کیا جس کے باعث کارروائی 12 بجے تک ملتوی کرنی پڑی۔
ڈپٹی چیئرمین ہری ونش نے ایوان میں وقفہ صفر کے دوران کہا کہ ضابطہ 267 کے تحت 13 نوٹس موصول ہوئے ہیں۔ یہ نوٹس امریکہ سے واپس آنے والے تارکین وطن اور مہا کمبھ کے انتظامات اور دیگر امور سے متعلق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ سبھی نوٹس ضابطے کے مطابق نہ ہونے کے سبب مسترد کیے جا رہے ہیں۔ یہ نوٹس کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے سندوش کمار پی، ترنمول کانگریس کے ساکیت گوکھلے، ساگریکا گھوش، شکتی سنگھ گوہل، پرمود تیواری، کانگریس کی رینوکا چودھری، مارکسسٹ کانگریس پارٹی کے جان برٹاس نے دیے ہیں۔
اس کے بعد جب مسٹر ہری ونش نے ’چیئرمین کی اجازت سے اٹھائے گئے امور‘ کے تحت ممبر کا نام پکارا تو اپوزیشن اراکین نے بلند آواز میں بولتے ہوئے ہنگامہ شروع کر دیا۔
ڈپٹی چیئرمین نے کچھ بھی ریکارڈ پر نہ رہنے کی ہدایت دی اور ایوان کی کارروائی دوپہر 12 بجے تک ملتوی کر دی۔
اس سے پہلے صبح ایوان کی کارروائی شروع کرتے ہوئے اسپیکر جگدیپ دھنکھڑ نے اوپیندر کشواہا کو ان کی سالگرہ پر مبارکباد دی۔