طرابلس : لیبیا کے اٹارنی جنرل کے دفتر نے اتوار کے روز بتایا کہ جنوب مشرقی شہر کفرہ میں سکیورٹی سروسز نے جرائم پیشہ گروہ کے زیر حراست 76 تارکین وطن کو رہا کرایا ہے، اور حراستی مقام کے قریب دفن مہاجرین کی 28 لاشیں برآمد کر لی ہیں۔
دفتر نے اپنے آفیشل فیس بک پیج پر شائع ہونے والے بیان میں کہا، “تفتیش کے طریقہ کار سے اس بات کا ثبوت سامنے آیا کہ ایک گینگ کے ارکان نے جان بوجھ کر غیر قانونی تارکین کو حراست میں لیا، ان پر تشدد کیا، اور ان کے ساتھ ظالمانہ، ذلت آمیز اور غیر انسانی سلوک کیا”۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ جرائم پیشہ گروہ کے تین ارکان کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ باقی ارکان کی تلاش جاری ہے۔
29 جنوری کو، اٹارنی جنرل کے دفتر نے مشرقی شہر جالو میں جرائم پیشہ گروہ کے ذریعے زر تاوان کے لیے یرغمال بنائے گئے 263 تارکین وطن کو رہا کرانے کا اعلان کیا تھا۔
منگل کے روز بین الاقوامی تنظیم برائے مہاجرت کے ایک بیان کے مطابق، اس سال اب تک مجموعی طور پر 2,398 تارکین وطن کو سمندر سے روک کر لیبیا واپس لوٹایا گیا ہے۔