فلسطین کی اسلامی استقامتی تحریک حماس نے جمعے ، سنیچر اور اتوار کو غزہ پٹی سے فلسطینیوں کی جبری منتقلی کے منصوبے اور منصوبہ سازوں کے خلاف اور ملت فلسطین کی حمایت میں ریلیاں نکالنے کی اپیل کی ہے۔
تحریک حماس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جمعے، سنیچر اور اتوار کو غزہ پٹی سے جبری منتقلی کا منصوبہ تیار کرنے والےغاصبوں اور ان کے حامیوں کےخلاف متحدہ موقف کے ساتھ عالمی سطح پر صدائے احتجاج بلند کی جائے۔
حماس نے اپنے بیان میں تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ یہ ریلیاں ہماری قوم کے اپنی سرزمین اور حقوق کے دفاع کی حمایت میں نکالی جائيں جن میں آزادی و خودمختاری ، اپنی تقدیر کا فیصلہ اپنے ہاتھوں کرنے کے حق اور غاصبانہ قبضوں سے رہائی کا مطالبہ سرفہرست رکھا جائے۔
تحریک حماس نے اپنے بیان میں تمام بین الاقوامی حلقوں کا شکریہ ادا کیا ہے جنھوں نے غزہ پٹی پر غاصبوں کے حملے بند کرانے کے سلسلے میں ملت فلسطین کی حمایت کی ہے۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مظلوم فلسطینی عوام کو غزہ سے بے دخل کرنے کا منصوبہ پیش کیا ہے۔ انہوں نے غزہ کوامریکی ملکیت میں لینےکی بات کی ہے اور فلسطینیوں مصر اور اردن میں بسانے کی تجویز پیش کی ہے۔
مصر اور اردن نے ٹرمپ کی تجویز منظور نہیں کی ہے اور سعودی عرب نے بھی غزہ سے فلسطینیوں کی بے دخلی کی سخت مخالفت کی ہے۔