پٹنہ: بہار کے ضلع بھوجپور میں جگدیش پور تھانہ علاقے کے تحت آرہ-موہنیا قومی شاہراہ پر ایک دلخراش حادثہ پیش آیا، جس میں پٹنہ کے چھ افراد جاں بحق ہو گئے۔ یہ حادثہ اس وقت ہوا جب پریاگ راج میں مہا کمبھ میں اشنان کرکے واپس لوٹنے والے مسافرین کی کار ایک کھڑے ٹرک سے ٹکرا گئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق یہ حادثہ دلہن گنج بازار کے قریب ایک پٹرول پمپ کے سامنے آج صبح پیش آیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ تیز رفتار کار بے قابو ہو کر سڑک کے کنارے کھڑے ایک ٹرک سے جا ٹکرائی، جس کے نتیجے میں کار میں سوار تمام چھ افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں کو گاڑی سے نکال کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ کار ڈرائیور لال بابو سنگھ کو نیند آ گئی تھی، جس کے باعث وہ گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور یہ المناک حادثہ پیش آیا۔ پولیس نے جائے حادثہ سے شواہد اکٹھے کیے اور معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت پٹنہ کے درج ذیل افراد کے طور پر کی گئی ہے، کرونا دیوی (56)، آشا کرن (28)، – جوہی رانی (25)، پریام (20)، سنجے کمار (60)، لال بابو سنگھ (25)۔
تمام مہلوکین جمعرات کے روز مہا کمبھ میں اشنان کے لیے پریاگ راج گئے تھے اور واپس لوٹ رہے تھے۔ حادثے کے بعد مقامی لوگ بھی جائے وقوعہ پر جمع ہو گئے اور امدادی کاموں میں پولیس کی مدد کی۔
چونکہ تصادم کے بعد کار بری طرح تباہ ہو گئی تھی، اس لیے پولیس اور مقامی افراد کو لاشوں کو نکالنے میں کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ پولیس نے کافی مشقت کے بعد لاشوں کو باہر نکالا اور انہیں پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔
اس حادثے سے علاقے میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ مہلوکین کے اہل خانہ کو جیسے ہی اطلاع ملی، ان میں کہرام مچ گیا۔ مقامی انتظامیہ نے ہلاک شدگان کے لواحقین کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا یقین دلایا ہے۔ پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے اور حادثے کے دیگر ممکنہ اسباب کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔