لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ موہن لال گنج علاقہ میں جہیز کے مطالبہ کے سلسلہ میں شوہر اپنے گھر والوں کے ساتھ اپنی بیوی کو پیٹتا تھا اور بیوی سے پانچ لاکھ روپئے کا مطالبہ کرتا تھا۔ شادی شدہ خاتون کسی طرح سسرال سے فرار ہو گئی اور اس نے پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے ملزمین کے خلاف مقدمہ درج کر لیاہے۔ موصولہ خبر کے مطابق مئو گاؤں کی رہنے والی شنو بانو نے بتایا کہ اس کی شادی چار سال قبل عبدالعظیم کے ساتھ ہو گئی تھی۔ شادی کے ایک سال کے بعد عظیم کا رویہ اس کے ساتھ صحیح نہیں تھا۔ عظیم اس سے پانچ لاکھ روپئے کا مطالبہ کر رہا تھا۔ شنو جب مخالفت کرتی تھی تو عظیم اسے مارتا تھا۔ مسلسل جھگڑے کی وجہ سے شنو عاجز ہو گئی تھی۔ کئی مرتبہ شنو کے والد نے عظیم کو سمجھانے کی کوشش کی لیکن اس کی صحت پر کوئی اثر نہیں ہوا۔ دو شنبہ کو شنو سسرال سے بھاگ گئی اور تھانہ جاکر پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے شنو کی تحریر پر عبدالعظیم، اس کے والد ، بدرواور وسیم کے خلاف جہیز استحصال کا معاملہ درج کر لیا ہے۔