لاس اینجلس : دو بار کے آسکر ایوارڈ یافتہ جین ہیک مین اور ان کی اہلیہ بیٹسی اراکاوا نیو میکسیکو سٹی میں اپنے گھر میں مردہ پائے گئے ۔ حکام نے جمعرات کو یہ اطلاع دی۔
سانتا فے کاؤنٹی شیرف کے دفتر نے ایک بیان میں کہا، “ہم اس بات کی تصدیق کر سکتے ہیں کہ جین ہیک مین اور ان کی اہلیہ دونوں بدھ کی سہ پہر سن سیٹ ٹریل پر اپنی رہائش گاہ پر مردہ پائے گئے تھے۔”
انہوں نے کہا کہ ایک فعال تحقیقات جاری ہے، تاہم اس وقت ہمیں دونوں کی موت کی وجہ معلوم نہیں ہے۔ ہیک مین 95 سال کے تھے اور ان کی اہلیہ، بیٹسی اراکاو 63 کی تھیں۔
ایک مقامی اخبارسانتا فے نیو میکسیکن نے سانتا فے کاؤنٹی شیرف کے نمائندوں کی طرف سے جمع کرائے گئے سرچ وارنٹ حلف نامے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ دونوں کی لاشیں ان کے ہائیڈ پارک ایریا کے گھر کے الگ الگ کمروں میں فرش پر پڑی پائی گئیں، اور ان کے تین کتوں میں سے ایک کوٹھری میں مردہ پایا گیا۔
نیو میکسیکو سٹی پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا، چھ دہائیوں پر محیط کیریئر میں ہیک مین نے دو اکیڈمی ایورڈز بھی اپنے نام کیے۔حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں کوئی مجرمانہ سرگرمی نظر نہیں آئی، تاہم موت کی اصل وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
خیال رہے کہ متعدد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے ہیک مین نے 2004 میں فلمی دنیا کو خیرباد کہہ دیا تھا ۔