لکھنؤ: ٹھاکر گنج کے واٹر ورکس روڈ پر رہنے والے ایک سرکاری ٹیچر کے گھر میں داخل ہوکر کچھ لوگوں نے دھاردار اسلحہ سے حملہ کر دیا۔ سی او چوک سرویش کمار مشرا نے بتایا کہ بالا گنج کے واٹر ورکس روڈ پر ۶۵سالہ ونے کمار تنہا رہتے ہیں۔ ان کے ایک بیٹے کی کچھ سال قبل موت ہو گئی تھی۔ جبکہ ایک بیٹی کی شادی ہو چکی ہے۔ونے کمار کاکوری بلاک میں ٹیچر ہیں۔
بتایاجاتا ہے کہ جمعہ کی رات ونے کمار کے گھر میں کچھ حملہ آور گھس آئے حملہ آوروں نے ونے پر دھاردار اسلحہ سے حملہ کیا اور پھر اس کو گولی بھی مار دی۔ جس سے ونے شدید طور سے زخمی ہو گئے۔ واردات انجام دینے کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے۔ خون سے لت پت ونے کمار کسی طرح شور مچاتے ہوئے گھر سے باہر آئے اور وہیں بیہوش ہو کر گر پڑے۔ خون سے لت پت ونے کو دیکھ کر لوگوں نے پولیس کو اطلاع دی۔ موقع پر ٹھاکر گنج ایس او ششی کانت یادو اور چوکی انچارج بالا گنج راجیش یادو بھی پہنچ گئے۔ پولیس نے زخمی ونے کمار کو ٹراما سینٹر میں داخل کرایا جہاں ان کی حالت نازک بتائی جار ہی ہے۔ ایس او ٹھاکر گنج نے بتایا کہ ونے کے گھر پر رکھا سارا سامان اپنی جگہ پر موجود ہے۔ اس سے یہ تو واضح ہے کہ حملہ آور ونے کو مارنے کیلئے ہی آئے تھے۔ ان کا ارادہ لوٹ کا نہیں تھا۔ واردات کی اطلاع ملنے پر ونے کے بھائی اور دیگر رشتہ دار بھی ٹراما سینٹر پہنچ گئے۔ پولیس اب ونے کے رشتہ داروں سے بات کر کے رنجش کا پتہ لگانے کی کوشش کر رہی ہے۔