نئی دہلی، 3 مارچ (یو این آئی) دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے کہا ہے کہ دہلی کا آئندہ بجٹ عوام کا بجٹ ہوگا جس میں لوگوں کی امنگوں کو پورا کرنے کے مقصد کو ذہن میں رکھتے ہوئے سماج کے تمام طبقات کی تجاویز شامل ہوں گی۔
محترمہ گپتا نے پیر کو یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ کوئی بھی دہلی بجٹ پر اپنی تجاویز دے سکتا ہے۔ اس کے لیے ایک ای میل viksitdelhibudget_25@delhi.gov.in اور ایک واٹس ایپ نمبر 9999962025 جاری کیا گیا ہے۔ اس میں دہلی کا کوئی بھی شخص تجاویز دے سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 5 مارچ کوخواتین تنظیموں کو مدعو کیا گیا ہے، تاکہ وہ اپنی تجاویز دے سکیں۔ اسی دن تعلیم کی دنیا سے وابستہ افراد کو بھی تجاویز کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 6 مارچ کو تاجر تنظیموں کے لوگوں سے تجاویز طلب کی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 24 مارچ سے 26 مارچ کے درمیان دہلی بجٹ پیش کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ تمام طبقات کی تجاویز کو شامل کرکے ترقی یافتہ دہلی کا بجٹ پیش کریں گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ تمام شعبوں کے لوگوں کے ساتھ بجٹ پربات چیت کریں گی اور ان سے تجاویزلیں گی۔ اسی بنیاد پر ہم ترقی یافتہ دہلی کا بجٹ تیار کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ منشور میں کیے گئے تمام وعدے پورے کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ تمام محکموں کے افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بجٹ کے لیے تمام طبقات سے تجاویز لیں اور ان تجاویز کو بجٹ میں شامل کریں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تمام ایم ایل اے اور وزرا آئندہ بجٹ پر عوام کے درمیان ان کی رائے جاننے کے لیے جائیں گے۔ ہم اپنے منشور میں کیے گئے تمام وعدوں کو پورا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔