ممبئی: مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے نے بی جے پی اور نائب وزیر اعلی ایکناتھ شندے پر شدید تنقید کی۔ اسی ساتھ ہی انہوں نے اسمبلی انتخابات میں شکست پر بھی ردعمل ظاہر کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم بے خبر رہے، اسی لیے الیکشن میں ہار گئے۔ شیو سینا (یو بی ٹی) کے صدر نے کہا کہ ’’ہم اسمبلی انتخابات ہار گئے کیونکہ ہم نے یہ سمجھا کہ ہم جیت گئے ہیں۔
انہوں نے فلم ‘چھاوا’ پر بھی رد عمل ظاہر کیا۔ ادھو نے بی جے پی پر طنز کرتے ہوئے پوچھا کہ فلم میں بی جے پی کا کیا کردار ہے۔ قابل ذکر ہے کہ فلم ‘چھاوا’ اس وقت پورے ملک میں زیر بحث ہے۔
اس فلم نے شروع میں ہی تنازع کھڑا کر دیا تھا۔ اس پر تاریخ کو مٹانے، عوام کو گمراہ کرنے اور ہندو مسلم منافرت پھیلانے کا الزام لگ رہا ہے۔ اس کے باوجود اس فلم کو ریلیز کر دیا گیا جس کے بعد سے ہی یہ سوشل میڈیا اور سیاست گلیاروں میں موضوع بحث ہے۔
ادھو کا دیویندر فڑنویس کو جواب
قبل ازیں وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے ادھو ٹھاکرے کے وزیر اعلیٰ کے دور میں کچھ فیصلوں کو ملتوی کرنے کی بات کرتے ہوئے سخت ردعمل ظاہر کیا تھا۔ فڑنویس نے کہا تھا کہ وہ ادھو ٹھاکرے نہیں ہیں جو کاموں کو ملتوی کر دیں۔ اس کے بعد اب ادھو ٹھاکرے نے فڑنویس کو جواب دیا۔
ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ “میں نے کورونا کے دور میں کام نہیں رکنے دیا، میں نے میٹرو کا کام نہیں رکنے دیا، میں نے کوسٹل روڈ کا کام نہیں رکنے دیا، ہم نے مہاراشٹر کو وہ خدمات اور سہولیات دی ہیں جو آپ کو اپنی زندگی میں، یہاں تک کہ اسپتالوں میں بھی نہیں ملیں گی۔ آپ ادھو ٹھاکرے نہیں ہیں اور ہو بھی نہیں سکتے۔”
‘شندے اپنی پارٹی کا نام ‘شیوسینا – امیت شاہ رکھ لیں’
کارکنوں میں جوش و خروش پیدا کرتے ہوئے ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ میری زندگی وزیر اعلیٰ کے عہدے اور ورشا نواس میں نہیں بلکہ شیو سینکوں میں ہے۔ ان (ایکناتھ شندے) کا کارنامہ کیا ہے؟ میری پارٹی میرے باپ کے نام پر رکھی گئی ہے۔ اب آپ اپنی پارٹی کا نام ‘شیو سینا امیت شاہ’ رکھ سکتے ہیں۔