نئی دہلی: دہلی کے آنند وہار علاقے میں جھگیوں میں آگ لگنے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ رات دو بج کر 15 منٹ پر پیش آئے اس واقعے میں تین افراد کی موت ہو گئی۔ آتشزدگی کے دوران گیس سلنڈر پھٹنے کی بھی خبر ہے۔
اس وقت فائر محکمے کے اہلکار موقعے پر موجود ہیں اور آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔ فائر ڈیپارٹمنٹ، کرائم ٹیم اور ایف ایس ایل کی ٹیمیں جائے وقوع کا معائنہ کر رہی ہیں۔
فائر بریگیڈ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ مشرقی دہلی کے آنند وہار میں اے جی سی آر انکلیو کے قریب جھگی میں لگنے والی آگ میں تین افراد جھلس کر ہلاک ہو گئے۔ دہلی فائر سروس کو منگل کی رات 2:22 پر آگ کی کال موصول ہوئی جس کے بعد تین فائر ٹینڈرز کو موقعے پر بھیجا گیا، آگ پر 2:50 بجے تک قابو پالیا گیا۔
پولیس کے مطابق مرنے والوں کی شناخت جگی (30)، اس کے بھائی شیام سنگھ (40) اور کانتا پرساد (37) کے طور پر کی گئی ہے۔ یہ سبھی اتر پردیش کے اوریا کے رہنے والے تھے اور یہاں مزدوری کرتے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ تینوں کی موت دم گھٹنے سے ہوئی۔ پولیس ذرائع نے یہ بھی بتایا گیا کہ متوفی اور ایک دیگر مزدور اندرا پرستھا گیس لمیٹڈ (IGL) میں کام کرتے تھے اور منگلم روڈ پر ڈی ڈی اے پلاٹ کے قریب واقع ایک عارضی خیمے میں رہتے تھے۔