سلطانپور: اتر پردیش کے ضلع سلطانپور کے عبداللہ علی نے یوپی پولیس بھرتی امتحان میں دوسرا مقام حاصل کر کے والدین اور علاقے کا نام روشن کر دیا۔ عبداللہ کی کامیابی پر ان کے اہل خانہ سمیت پورا محلہ خوشی سے جھوم اٹھا۔ والدین نے بیٹے کی کامیابی کو اپنی قربانیوں کا ثمر قرار دیا۔
عبداللہ علی سلطان پور کے ڈیہوا علاقے میں واقع آواس وکاس کالونی میں رہتے ہیں۔ ان کے والد لیاقت علی پیشے سے دھوبی ہیں۔ وہ کپڑے دھو کر اور استری کر کے اپنے خاندان کا گزر بسر کرتے ہیں۔ والدہ آسماء بانو بھی تعلیم یافتہ نہیں ہیں لیکن انہوں نے بچوں کی تعلیم میں کوئی کمی نہیں چھوڑی۔ عبداللہ کے بڑے بھائی حیدر علی پہلے ہی 69000 اساتذہ کی بھرتی میں کامیاب ہو کر استاد بن چکے ہیں۔ اب عبداللہ نے پولیس امتحان میں شاندار کامیابی حاصل کر کے والدین کا سر فخر سے بلند کر دیا۔
عبداللہ نے یوپی پولیس امتحان میں صوبے بھر میں دوسرا مقام حاصل کیا، جس پر والدین نہایت مسرور ہیں۔ والد لیاقت علی نے کہا، ’’میرا بیٹا پڑھائی میں شروع سے ہی محنتی تھا۔ وہ رات دیر تک جاگ کر پڑھتا تھا۔ آج اس کی محنت رنگ لے آئی۔ اللہ کرے وہ مزید کامیابیاں حاصل کرے۔‘‘
عبداللہ نے اپنی کامیابی کا سہرا والدین اور اہل خانہ کے سر باندھا۔ انہوں نے کہا، ’’پچھلی کئی ناکامیوں کے باوجود میرے والدین نے میرا حوصلہ کم نہیں ہونے دیا۔ انہوں نے ہمیشہ میرا ساتھ دیا، جس کے باعث میں آج اس مقام تک پہنچا ہوں۔‘‘
عبداللہ نے سُلطانپور میں ہی اپنی ابتدائی تعلیم مکمل کی۔ وہ زرعی علوم (ایگری کلچر) میں گریجویشن کر چکے ہیں اور بی ایڈ بھی کیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے سی ٹی ای ٹی امتحان بھی کامیابی سے پاس کر لیا ہے۔ عبداللہ اس سے قبل بھی کئی امتحانات میں کامیاب ہو چکے ہیں اور کئی کے مین امتحانات میں شریک ہونے والے ہیں۔
عبداللہ کا اگلا ہدف سب انسپکٹر یا اعلیٰ عہدے (یو پی پی سی ایس) کا امتحان پاس کرنا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ پولیس فورس میں جا کر ایمانداری اور دیانت داری سے عوام کی خدمت کریں گے۔
والد لیاقت علی نے کہا، ’’میرے بیٹے نے جو عزت کمائی ہے، اس پر مجھے فخر ہے۔ میں دعا کرتا ہوں کہ وہ اور آگے بڑھے۔ والدین اپنے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں اور محنت کرنے سے کبھی نہ روکیں۔ جو بچے لگن کے ساتھ پڑھائی کرتے ہیں، انہیں ایک نہ ایک دن ضرور کامیابی ملتی ہے۔‘‘