نئی دہلی : آیوش کے مرکزی وزیر مملکت پرتاپ راؤ گنپت راؤ جادھو نے آج لوک سبھا میں کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی دور اندیشی کی وجہ سے 2014 میں آیوش وزارت کی تشکیل ہوئی اور اس کے بعد ملک بھر میں آیورویدک کالجوں کی تعداد میں خاطرخواہ اضافہ ہوا۔
وقفہ سوالات کے دوران ایک ضمنی سوال کا جواب دیتے ہوئے مسٹر جادھو نے کہا کہ آیوروید ہمارا روایتی طبی نظام ہے، لیکن 2014 سے پہلے ہمارے ملک میں آیوش کی کوئی وزارت نہیں تھی۔ وزیر اعظم کی دور اندیشانہ سوچ نے 2014 میں آیوش کی وزارت کی تشکیل کی ۔ اس وزارت کے قیام کے بعد بڑی تعداد میں آیورویدک کالج کھولے گئے۔
انہوں نے کہا کہ سال 2014 سے پہلے ملک بھر میں 520 آیورویدک کالج تھے جب کہ سال 2024-25 میں 883 کالج ہیں۔
اس طرح آیورویدک کالجوں کی تعداد میں تقریباً 60 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی جی کالجوں میں سیٹوں کی تعداد میں 95 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
ایک دیگر سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کسی بھی ریاست میں نیا کالج کھولنے کے لیے ریاستی حکومت کی طرف سے مرکزی حکومت کو تجویز بھیجی جاتی ہے اور مرکزی حکومت کسی بھی آیوروید کالج کو کھولنے کے لیے ریاستی حکومت کو 70 کروڑ روپے کی امداد فراہم کرتی ہے۔
صحت ریاست کا موضوع ہے اور مرکزی حکومت صرف ریاستوں کو مالی امداد فراہم کرنے کا کام کرتی ہے۔ کالجوں میں خالی آسامیوں کو بھرنے کا عمل ریاستوں کے ذریعے کیا جاتا ہے۔