لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ سابق مرکزی وزیر و بی جے پی کے سابق جنرل سکریٹری سنتوش گنگوار نے ریاست کے انتخابی دورہ پر کانگریس پر شدید نکتہ چینی کرنے کے ساتھ ساتھ گھریلو گیس اور پیٹرول ڈیزل کا ذکر نہ کرتے ہوئے این ڈی اے حکومت کا ذکر کیا۔ مسٹر گنگوار نے کہا کہ اگر بی جے پی کو اقتدار ملا تو نیشنل گیس گریڈ قائم کیا جائے گا تاکہ لوگوں کو مشکلات سے نجات حاصل ہو سکے۔ سنتوش گنگوار اتوار کو بی جے پی کے ریاستی دفتر میں صحافیوںسے گفتگو
کررہے تھے۔ مسٹر گنگوار نے کہا کہ کانگریس کے دس سالہ اقتدار میں گرانی سے عوام کا جینا محال ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی یو پی اے حکومت نے گزشتہ ۵ برسوں میں۳۱ مرتبہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے جو ایک ریکارڈ ہے۔ انہوںنے کہا کہ مرکزی حکومت سبسڈی کم کرنے کے نام پر گیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کرتی آرہی تھی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر بی جے پی کی مرکز میں حکومت قائم ہوئی تو نیشنل گیس گریڈ قائم کیا جائے گا تاکہ لوگوں کو مختلف پریشانیوں سے نجات حاصل ہو سکے۔ اس کے علاوہ قومی توانائی پالیسی کا اعلان کیا جائے گا تاکہ ملک کے مختلف توانائی ذرائع کا بہتر استعمال کیا جا سکے۔ انہوں نے کہاکہ پہلی مرتبہ امریکہ کی طرز پر ہندوستان کے عوام وزیر اعظم کا انتخاب کرنے جا رہے ہیں۔ اس مقابلہ میں مودی دوسرے تمام امیدواروں سے سبقت حاصل کئے ہوئے ہیں کیونکہ پورے ملک میں مودی کی لہر چل رہی ہے۔