نئی دہلی: کانگریس کے سینئر لیڈر ڈگ وجے سنگھ نے منگل کو پولیس میں شکایت درج کرائی ہے۔ اس شکایت میں انہوں نے ‘شربت جہاد’ کے قابل اعتراض بیان کے ذریعے مذہبی منافرت پھیلانے کے الزام عائد کرتے ہوئے رام دیو کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا۔
مدھیہ پردیش سے راجیہ سبھا کے رکن دگ وجے نے بھوپال کے ٹی ٹی نگر پولیس اسٹیشن سے رجوع کیا اور تعزیرات ہند کی دفعہ 196(1)(a) اور 299 کے ساتھ ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرنے کی مانگ کی۔
‘کاروبار کے لیے بنائی گئی ویڈیو’
کانگریس لیڈر نے رام دیو کے ایک ویڈیو کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ویڈیو مذہبی جذبات بھڑکانے اور پتنجلی کی مصنوعات کی فروخت بڑھانے کے لیے بنایا گیا۔
سنگھ کے مطابق، پتنجلی کے گلاب شربت کی تشہیر کرتے ہوئے رام دیو نے دعویٰ کیا کہ ایک دوسری کمپنی (ہمدرد) اپنی شربت سے حاصل ہونے والی آمدنی کا استعمال مدارس اور مساجد بنا رہی ہے۔ رام دیو نے پتنجلی کی مصنوعات کی تشہیر کے لیے روح افزا کو ‘شربت جہاد’ قرار دیا۔
اس سے قبل ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دگ وجے سنگھ نے الزام لگایا کہ تاجر رام دیو نے اپنی مصنوعات بیچنے کے لیے مذہب اور قوم پرستی کا استعمال کرکے کروڑوں روپے کی سلطنت کھڑی کر لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پتنجلی کے کئی پروڈکٹس طے شدہ معیار پر پورا نہیں اترتے ہیں، جب کہ کئی پروڈکٹس پر پابندی بھی لگ چکی ہے۔
‘رام دیو ہمدرد کو نشانہ بنا رہے تھے’
سنگھ نے کہا کہ “ملک جانتا ہے کہ رام دیو ہمدرد کمپنی کا نام لیے بغیر نشانہ بنا رہے تھے۔” اپنی شکایت میں سنگھ نے دلیل دی کہ رام دیو نے ‘روح افزا’ شربت کی مخالفت صرف اس لیے کی کہ کمپنی کا مالک مسلمان ہے، یہ نفرت انگیز تقریر کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے شربت کی فروخت دوسرے کے شربت کو ’شربت جہاد‘ کہنا غیر آئینی ہے۔
سنگھ نے پولیس سے کیس درج کرنے اور مناسب اور سخت کارروائی کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ “میں نے مطالبہ کیا ہے کہ اس شخص (رام دیو) کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی جائے۔” انہوں نے کہا کہ ایف آئی آر درج نہ ہوئی تو ایک ہفتے بعد عدالت سے رجوع کریں گے۔
اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس رشمی اگروال نے کہا کہ دگ وجے سنگھ نے رام دیو کے خلاف شکایت درج کرائی ہے، جس میں ان پر لوگوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا الزام لگایا گیا ہے اور ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست کی ہے۔ خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی نے اگروال کے حوالے سے بتایا کہ “ہم شکایت کی تحقیقات کر رہے ہیں اور اس کے مطابق کارروائی کریں گے۔”
بابا رام دیو نے کیا کہا؟
یوگا گرو بابا رام دیو نے حال ہی میں ایک ویڈیو میں دعویٰ کیا تھا کہ بازار میں شربت فروخت کرنے والی ایک مشہور کمپنی اپنے منافع سے مساجد اور مدرسے بنا رہی ہے۔ اس دوران انہوں نے لوگوں سے پتنجلی کا شربت خریدنے کی اپیل بھی کی۔ بابا رام دیو کے اس ویڈیو پر شدید رد عمل سامنے آیا۔
روح افزا شربت کی عمر 119 سال
روح افزا کو 1907 میں ہندوستان کی آزادی سے پہلے حکیم حافظ عبدالمجید نے متعارف کرایا تھا، جو یونانی جڑی بوٹیوں کی دوا کمپنی ہمدرد دواخانہ کے بانی تھے۔ جانکاری کے مطابق گرمی کے دنوں میں لوگ ڈی ہائیڈریشن اور ہیٹ اسٹروک جیسی بیماریوں کا بہت زیادہ شکار ہوتے ہیں۔ ایسے میں حکیم عبدالمجید نے پھلوں، جڑی بوٹیوں اور پھولوں کے عرق سے روح افزا تیار کیا تھا۔ روح افزا کے ذائقے نے نہ صرف لوگوں کے دل و دماغ کو اپنی گرفت میں لے لیا بلکہ یہ ہندوستان میں سب سے زیادہ پیا جانے والا شربت بھی بن گیا۔
ہمدرد اور پتنجلی کا کاروبار
روح افزا بنانے والی ہمدرد لیبارٹریز نہ صرف اپنے شربت کے لیے مشہور ہے بلکہ کمپنی سنکارہ، روغن بادام شیریں، صافی، جوشینا اور سویلین جیسی متعدد مشہور مصنوعات بھی تیار کرتی ہے۔ رپورٹس کے مطابق 2016 میں روح افزا نے تقریباً 600 کروڑ روپے کا بزنس کیا۔ وہیں، 2018 میں ہمدرد لیبارٹریز نے 1000 کروڑ روپے کی فروخت کا ہدف مقرر کیا تھا۔ دوسری طرف رام دیو کی کمپنی پتنجلی بڑے پیمانے پر کاروبار کر رہی ہے۔ رپورٹس کے مطابق، پتنجلی نے 2023-24 میں کل 9,335 کروڑ روپے کا کاروبار کیا۔