لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ ساس سے تنازعہ کے بعد ناراض کسان کی لاش ریلوے لائن کے قریب پڑی ملی۔ مقامی لوگوں نے پولیس کو اس بات کی اطلاع دی۔ جائے موقع پر پہنچ کر پولیس نے لاش کو قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ موصولہ خبر کے مطابق ملیح آبادکے بستی گودا گاؤں کا باشندہ سونے لال کسان (۳۰) اپنی سسرال کھرر ترا گاؤں اپنے سالے کی شادی میں گیا ہوا تھا۔ یہاں پر کل شام اس کا تنازعہ ساس کے ساتھ ہو گیا۔ ناراض ہوکر سونے لال گھر سے نکل گیا۔ بتایا جا رہاہے کہ سونے لال نے سسرال سے واپس جاتے ہوئے یہ کہا تھا کہ وہ لکھنؤ جا رہا ہے لیکن دو شنبہ کی صبح ملیح آباد ریلوے لائن کے قریب اس کی لاش پڑی ہوئی ملی۔ گاؤں کے لوگوں نے حادثہ کی اطلاع پولیس کو دی۔ موقع پر پہنچ کر پولیس نے ابتدائی تفتیش کے بعد لاش کو قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ پولیس کاخیال ہے کہ سونے لال کی موت ٹرین کی زد میں آنے کے سبب ہوئی ہے جبکہ گاؤں میں اس بات کو بھی کہا جا رہا ہے کہ ساس سے تنازعہ کے بعد
ناراض سونے لال نے خود کشی کرلی ہے۔