حیدرآباد : آندھرا پردیش کے مختلف اضلاع میں ایک ہی دن میں بجلی گرنے کے واقعات میں 5افراد ہلاک اور ایک شخص زخمی ہو گیا۔ ضلع پرکاشم کی ایس سی کالونی کے رہنے والے سنی اور آکاش، اپنے دوستوں کے ساتھ کھیتوں میں کرکٹ کھیل رہے تھے کہ اچانک گرج چمک کے ساتھ تیز بارش شروع ہو گئی۔
وہ قریبی نیم کے درختوں کے نیچے پناہ لینے گئے۔ اسی دوران اُمارڈی پلی گاوں سے تعلق رکھنے والا چرواہا ناگم تروپتیا بھی وہیں آ پہنچا۔ ان درختوں پر بجلی گر گئی، جس سے سنی اور آکاش بے ہوش ہو گئے اور تروپتنازخمی ہوگیا۔
سنی اور آکاش کو سرکاری اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔ضلع کرنول کے ہنومان پور گاوں سے تعلق رکھنے والے ایرنّا، گوڈیکل گاوں میں واقع ایک مندر میں پوجاکے لئے گیا تھا کہ مندر کے قریب بجلی گرنے سے موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔
ضلع کے چپّاگری میں مندر کے پیچھے مویشیوں کے باڑے کے درخت پر بجلی گرنے سے اس کی شاخ ٹوٹ کر گرگئی جس کے نتیجہ میں ریٹائرڈ ریلوے ملازم شیوانّا کی موت ہو گئی۔ ضلع وائی ایس آر کے ایس اُپّلپاڈو گاوں سے تعلق رکھنے والا نوجوان کسان بھانو اوبلّیشو کھیت سے واپس آرہاتھا کہ اس پر بجلی گر گئی اور وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔