یونین پبلک سروس کمیشن کے ذریعہ 22 اپریل کو جاری سول سروسز امتحان 2024 کے نتائج مسلم طبقہ کے لیے انتہائی مایوس کن ثابت ہوئے ہیں۔ ٹاپ-10 کی فہرست میں ایک بھی مسلم امیدوار شامل نہیں ہے، اور ٹاپ-25 میں بھی کوئی مسلم نام نظر نہیں آ رہا۔
مسلم امیدواروں میں ٹاپ کرنے والی ارم چودھری کو آل انڈیا رینک 40 حاصل ہوا۔ اتنا ہی نہیں، ٹاپ-100 میں صرف 2 مسلم امیدوار ہی شامل ہیں اور دونوں ہی خواتین ہیں۔
ہندوستان کی سب سے بڑی اقلیت مسلمانوں سے امید کی جا رہی تھی کہ اس سال وہ گزشتہ بار کے مقابلے بہترین کارکردگی پیش کریں گے، لیکن جب نتائج سامنے آئے تو مجموعی طور پر کامیاب 1009 امیدواروں میں مسلم امیدواروں کی تعداد محض 30 دیکھنے کو ملی۔
کچھ میڈیا رپورٹس میں یہ تعداد 28، یا پھر 34 بتائی جا رہی ہے، لیکن گزشتہ سال کے مقابلے یہ تعداد کافی کم ہے۔ 2023 کے یو پی ایس سی امتحان میں مجموعی طور پر 1016 امیدواروں کو کامیابی ملی تھی، جن میں 50 مسلم امیدوار تھے۔
یو پی ایس سی 2024 کے ریزلٹ کا سرسری جائزہ لیا جائے تو مسلم امیدواروں میں ارم چودھری یو پی ایس سی ٹاپر ہیں جنھیں آل انڈیا رینک 40 حاصل ہوا ہے، جبکہ دوسرے مقام پر رہنے والی فرخندہ قریشی کی آل انڈیا رینک 67 ہے۔
مزید آگے بڑھیں تو محمد منیب بھٹ کو آل انڈیا رینک 131، ادیبہ اشفاق احمد کو 142، وسیم الرحمن کو 281، محمد نایاب انجم کو 292، محمد حارث میر کو 314، محمد شوکت عظیم کو 345، الفہ خان کو 417، نادیہ عبدالرشید کو 429 اور نجمہ سلام کو 442 رینک کے ساتھ ٹاپ-500 میں جگہ ملی ہے۔