نئی دہلی: وزارت داخلہ کی سفارشات پر حکومت ہند نے 16 پاکستانی یوٹیوب چینلوں پر بھارت میں پابندی لگا دی ہے۔ ان میں ڈان نیوز، سماء ٹی وی، اے آر وائی نیوز، جیو نیوز شامل ہیں۔
بھارت کا الزام ہے کہ پابندی لگاے گئے پاکستانی یوٹیوب چینلز جموں کشمیر کے پہلگام میں ہوئے المناک واقعہ کے پس منظر میں اشتعال انگیز اور فرقہ وارانہ طور پر حساس مواد، جھوٹے اور گمراہ کن بیانیے اور بھارت، اس کی فوج اور سیکورٹی ایجنسیوں کے خلاف غلط معلومات پھیلا رہے ہیں۔
واضح رہے اس سے قبل بھارت نے پاکستان کے ساتھ سندھ طاس معاہدہ منسوخ کر دیا تھا۔ اس کے علاوہ ہندوستان میں موجود تمام پاکستانی شہریوں کو بھارت چھوڑنے کا حکم دیا۔ پاکستان کی جانب سے بھی بھارت کے لیے پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے پر پابندی لگانے سمیت تجارت پر بھی پابندی لگائی گئی ہے۔
پہلگام دہشت گردانہ حملے کے تناظر میں کابینہ کمیٹی برائے سلامتی کے فیصلوں کے تسلسل میں مرکزی حکومت نے پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا خدمات فوری طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا۔
پہلگام دہشت گردانہ حملے میں 26 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اس کے بعد ملک بھر میں پاکستان مخالف احتجاجی ریلیاں نکالی جا رہی ہیں اور پاکستان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔