فتح پور (نامہ نگار)سماجوادی پارٹی کے امیدوار کی حمایت میں جلسوں کے ذریعہ مسلم رائے دہندگان سے اپیل کرتے ہوئے اور ملائم سنگھ یادو کو مسلمانوں کا ہمدرد بتاتے ہوئے پارٹی کے امیدوار کو کامیاب بنانے کے لئے سماجوادی پارٹی کے ریاستی سکریٹری حسیب الدین صدیقی نے مسلم علاقوں میں لوگوں سے رابطہ کیا۔سماجوادی پارٹی کے امیدوار راکیش سچان کی حمایت میں ریاستی سکریٹری حسیب الدین صدیقی نے مسلم علاقوں میں رابطہ کیا اور عوامی جلسوں کے ذریعہ لوگوں سے راکیش سچان کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے سربراہ مسلمانوں کے ہمدرد ہیں۔وہ ایسے لیڈر ہیں جو مسلمانوں کے مسائل کو بخوبی سمجھتے ہیں اور انہیں حل کرتے ہیں۔انہوں نے مسلمانوں کے لئے مختلف اسکیمیں شروع کیں جس سے مسلمان مستفید ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی ایس پی کے دور میں مسلمانوں کو کس طرح دیکھا جاتاتھا یہ کسی سے
وشیدہ نہیں ہے جو لوگ مایاوتی کے قریب رہتے ہیں انہیں معلوم ہے کہ وہ لوگوں کو بے عزت کیا کرتی ہیں۔بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی کو کسی بھی حال میں وزیر اعظم نہیں بننے دیا جائے گا۔کیونکہ مودی مسلمانوں کے لئے خطرہ ہیں۔واضح رہے کہ حسیب الدین صدیقی بی ایس پی کے قومی جنرل سکریٹری اور سابق کابینی وزیر نسیم الدین صدیقی کے بھائی ہیں اور بی ایس پی امیدوار افضل صدیقی کے چچا ہیں۔اقلیتی سیل کے ضلع نائب صدر شاہنواز عالم نے اپنے ساتھیوں اور حامیوں کے ساتھ صدر علاقہ کے مختلف علاقوں میں لوگوں سے رابطہ کرکے ایس پی امیدوار کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ اس موقع پر سماجوادی پارٹی کے ضلع صدر دلجیت نشاد،ویریندر یادو، سابق رکن اسمبلی آنند پرکاش لودھی،وسیم انصاری ایڈوکیٹ ،ظفر عالم ،فہمیدہ خان،نفیس الدین،شکیل گولڈی، سعود احمد،پرکاش چندر گپتا،سمت سچان وغیرہ موجود تھے۔