ممبئی : ممبئی کے جنوبی علاقے نانا چوک میں پیر کی صبح ایک چھ منزلہ عمارت میں زبردست آگ بھڑک اٹھی، تاہم فائر بریگیڈ کی بروقت کارروائی کے باعث سات افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔
بی ایم سی سے موصولہ اطلاع کے مطابق پیر کی صبح 7:40 بجے پیڈر روڈ پر واقع جسلوک اسپتال کے قریب سکھ شانتی بلڈنگ کی دکان نمبر 2 اور 3 میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا،
جس کے باعث آس پاس کے علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ آگ عمارت میں موجود شوروم تک محدود رہی، جو تقریباً 4000 مربع فٹ کے رقبے پر پھیلا ہوا تھا۔ شوروم میں موجود بجلی کے تار، لکڑی کے فرنیچر، کپڑے، اے سی یونٹس اور دیگر اشیاء جل کر خاکستر ہو گئیں۔
آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی کئی گاڑیاں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور راحت و بچاؤ کا کام شروع کر دیا گیا۔ فائر حکام نے آگ کو لیول 2 قرار دیا ہے، جس کا مطلب ہے کہ یہ درمیانی شدت کی آگ تھی جس کے لیے فوری کارروائی ضروری تھی۔
فائر بریگیڈ کے مطابق عمارت کی پہلی منزل پر پھنسے ہوئے چار افراد اور چوتھی منزل پر موجود تین خواتین کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔ علاوہ ازیں، فائر بریگیڈ کے عملے نے عمارت میں موجود تین کتوں اور دو بلیوں کو بھی زندہ بچا لیا۔ فائر حکام کی تیز رفتار کارروائی کی بدولت ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔