ہندوستانی شیئر بازار میں گزشتہ کاروباری دن پیر کو ریکارڈ تیزی آئی تھی اور سینسیکس-نفٹی نے 2021 کے بعد سب سے بڑی انٹرا-ڈے ریلی دیکھی تھی۔
دن بھر تیزی دکھاتے ہوئے 30 شیئروں والا سینسیکس 2975 پوائنٹس کی سبقت کے ساتھ بند ہوا تھا تو وہیں این ایس ای نفٹی نے بھی 916 پوائنٹس چھلانگ لگائی تھی۔ لیکن منگل کو اس تیزی پر بریک لگتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔
حالانکہ سینسیکس-نفٹی نے گرین زون میں کاروبار کی شروعات کی لیکن کچھ ہی منٹوں میں یہ گراوٹ کے ساتھ لال نشان پر کاروبار کرنے لگا۔ ایک طرف جہاں بامبے اسٹاک ایکسچینج کا سینسیکس 800 پوائنٹس سے زیادہ پھسل کر کاروبار کر رہا تھا تو نیشنل اسٹاک ایکسچینج کا نفٹی انڈیکس 250 پوائنٹس کی گراوٹ کے ساتھ نظر آیا۔ شروعاتی کاروبار میں ٹاٹا اسٹیل اور انفوسس جیسے شیئر ٹوٹ کر کھلے، جو کل طوفانی تیزی کے ساتھ آگے بڑھے تھے۔
شیئر مارکیٹ میں خراب شروعات کے ساتھ منگل کو بی ایس ای سینسیکس اپنے گزشتہ بند 82,429 کے مقابلے میں معمولی سبقت کے ساتھ کھلا اور کچھ ہی سیکنڈ میں 200 پوائنٹس تک پھسل گیا۔
اس کے بعد سینسیکس کی یہ گراوٹ بڑھتی ہی چلی گئی اور محض 15 منٹ کے کاروبار کے دوران سینسیکس 850 پوائنٹس یا 0.95 فیصد پھسل کر 81,483 کی سطح پر کاروبار کرتا ہوا دکھائی دیا۔
این ایس ای نفٹی کی بات کی جائے تو این ایس ای انڈیکس نے اپنے گزشتہ بند 24,924.70 کے مقابلے میں پھسل کر 24,864 پر کاروبار کی شروعات کی اور کچھ ہی دیر میں سینسیکس کے قدم سے قدم ملاتے ہوئے 250 پوائنٹس کا غوطہ لگا دیا اور 24,675 تک پھسل گیا۔
منگل کو شیئر بازار میں گراوٹ کے درمیان لارج کیپ کمپنیوں میں شامل ایٹرنل شیئر (2 فیصد)، انفوسس شیئر (2 فیصد)، ٹی سی ایس شیئر (1.30فیصد) اور ٹاٹا اسٹیل شیئر (1.10 فیصد) پھسل کر کاروبار کر رہے تھے۔ وہیں مڈ کیپ زمرے میں شامل کمپنیوں میں سے یو پی ایل شیئر (4 فیصد)، پے ٹی ایم شیئر (2.90فیصد)، فرسٹ کری شیئر (1.80فیصد)، کی گراوٹ میں تھا۔