کانپور (نامہ نگار) کانپور شہر سے بی جے پی کے امیدوار مرلی منوہر جوشی نے کہا کہ مسلمانوں کو بی جے پی سے خوفزدہ نہیں ہونا چاہئے کیونکہ وہ اس ملک کے وطن پرست شہری ہیں۔
پارٹی کی مختلف ریاستوں میں جہاں حکومتیں ہیں وہاں ہندومسلم فسادات نہیں ہوتے ہیں۔بی جے پی لیڈر نے ایک انٹرویو میں یہ بات کہی۔ انہوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اٹل بہاری باجپئی کی حکومت میں کبھی فسادات نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو بی جے پی سے نہیں بلکہ اللہ سے ڈرنا چاہئے۔مسٹر جوشی نے دعویٰ کیا کہ جس طرح ملک کے عوام تبدیلی کے خواہشمند ہیں اس سے یہ محسوس ہورہاہے کہ بی جے پی تنہا اکثریت حاصل کرسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ این ڈی اے کی دیگر پارٹیاں اس کے باجود بھی شامل رہیں گی۔انہوں نے کانگریس کے گزشتہ دس سال کے اقتدار کو تباہی کی دہائی قراردیا۔ ایک دیگر بی جے پی لیڈر کے انتخاب کے بعد پاکستان جانے کے بیان پر انہوں نے واضح کیا کہ یہ کسی کی ذاتی رائے ہوسکتی ہے بی جے پی سے اس بیان کا کوئی تعلق نہیں ہے کیونکہ بی جے پی سب کو ساتھ لے کر چلتی ہے۔ مسٹرجوشی نے کہا کہ آزادی کے بعد سے ابھی تک زیادہ تر فسادات کانگریس کے اقتدار میں ہوئے ہیں۔ حال ہی میں مظفر نگر فسادات کس نے کرائے ہیں یہ عوام کو معلوم ہے۔ کانگریس
سمیت دیگر پارٹیاں مسلمانوں کو بی جے پی کا خوف دکھا کر ان کا ووٹ حاصل کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ اٹل بہاری باجپئی کی قیادت میں ملک میں جب حکومت تھی اس وقت کہیں پر بھی فسادات نہیں ہوئے۔بی جے پی لیڈر نے کہا کہ مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، گوااور راجستھان وغیرہ ریاستوں میں بی جے پی کی حکومتیں ہیں لیکن کہیں سے بھی فسادات کی خبر نہیں ملتی۔بی جے پی امیدوار نے کہا کہ مسلمانوں کو بی جے پی سے خوفزدہ نہیں ہونا چاہئے کیونکہ وہ بھی ملک کے وطن پرست شہری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی حکومت اقتدار میں آنے کے بعد مسلمان خود کو محفوظ سمجھیں کیونکہ پارٹی کبھی بھی فسادات کو بڑھاوا نہیں دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی حکومت تمام مذاہب، ہندو،مسلمان، سکھ ،عیسائی سب مل کر بھائی چارہ کے ساتھ رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے گزشتہ دس برسوں میں ملک کو برباد کردیا ہے۔ اس لئے جس طرح کی تبدیلی کی ہوا چل رہی ہے اس سے یہ صاف ظاہر ہے کہ بی جے پی تنہا اکثریت حاصل کرلے گی۔انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت تبدیلی اہم مدعا ہے۔ کانگریس کی حکومت سے عوام پریشان ہیں۔انہوں نے کہا کہ کانگریس نے سماج کو منقسم کردیا ہے۔ملک کو تقسیم کرنے والی پارٹی بھی کانگریس ہے جس نے ملک کو تقسیم کرنے کے ساتھ ساتھ عوام کو مہنگائی سے پریشان کررکھا ہے۔اب جبکہ کانگریس بی جے پی کو اقتدارسپرد کرنے جارہی ہے تو وراثت میں مہنگائی اور خستہ حال اقتصادیات بھی بی جے پی کے حصہ میں آئے گی۔