چین نے ایک بار پھر ایران کے پرامن جوہری پروگرام کی حمایت پر زور دیتے ہوئے اس مسئلے کو سیاسی و سفارتی ذرائع سے حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، چین نے ایک بار پھر اس بات پر زور دیا ہے کہ وہ ایران کے جوہری توانائی سے پرامن استعمال کے حق کا احترام کرتا ہے اور اس مسئلے کو سیاسی و سفارتی ذرائع سے حل کرنے کا خواہاں ہے۔
تفصیلات کے مطابق چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیان نے پریس کانفرنس میں کہا کہ چین ایران کے اس عزم کو سراہتا ہے کہ وہ جوہری ہتھیار بنانے کی کوشش نہیں کر رہا۔ ہم ایران کے جوہری توانائی سے پرامن فائدہ اٹھانے کے حق کا احترام کرتے ہیں اور یکطرفہ و غیرقانونی پابندیوں کی مخالفت کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین ایران کے جوہری مسئلے پر متعلقہ فریقین کے ساتھ مسلسل رابطے اور ہم آہنگی جاری رکھے گا، تاکہ ایسا سیاسی حل تلاش کیا جاسکے جو تمام فریقوں کے لیے قابل قبول ہو۔
یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب عالمی سطح پر ایران کے جوہری پروگرام پر کشیدگی ایک بار پھر بڑھ رہی ہے اور چین خود کو ایک ثالث کے طور پر پیش کررہا ہے۔