لکھنؤ۔(نامہ نگار)آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے نائب صدر راہل گاندھی لکھنؤ پارلیمانی نشست کی امیدوار ڈاکٹر ریتا بہوگنا جوشی کی حمایت میں ہونے والے روڈ شو کی تیاری کے سلسلے میں شہر کانگریس کمیٹی کاایک جلسہ کانگریس دفتر میں شہر کانگریس کمیٹی کے کارگذار صدر امت شریواستو کی صدارت میں منعقد ہوا جلسے میں کانگریس امیدوار ڈاکٹر ریتا بہوگنا جوشی ،سابق رکن اسمبلی ، شہر کانگریس کمیٹی کی مجلس عاملہ کے عہدے داران ، وارڈ کانگریس کمیٹیوں کے صدور ،کارپوریشن کے کانگریس کونسلر سمیت لکھنؤ کے سینئر کانگریس لیڈر سمیت کثیر تعداد میں کانگریس کارکنان موجود تھے ۔ مذکورہ اطلاع شہر کانگریس کمیٹی کے سابق ترجمان رام گوپال سنگھ نے دیتے ہوئے بتایا کہ کانگریس نائب صدر راہل گاندھی کے روڈ شو کا آغاز حضرت گنج سے ہوگا۔ راہل گاندھی کا قافلہ ودھان سبھا مارگ رائل ہوٹل ،برلنکٹن چوراہا ، حسین گنج ، رانا پرتاپ چوراہا ،لال کنواں چوراہا، بانس منڈی چوراہا، ناکہ چوراہا، چارباغ ، مویہ تراہا ، ٹیڑھی پلیاچوراہا ، عالم باغ چوراہا ، اودھ اسپتال چوراہا، کرشنا نگر چوراہا سے اموسی ہوائی اڈہ پر روڈ شو ختم ہوگا۔ آج کے جلسہ میں روڈ شو کے راستوں پر راہل گاندھی کا زبردست استقبال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کیلئے لکھنؤ پارلیمانی حلقہ کے پانچوں اسمبلی حلقوں کے وارڈ صدور سینئر کانگریسیوں کو کثیر تعداد میں عام لوگوں اور کانگریس کارکنان کو پھولوں کے ہار کے ساتھ روڈ شو کے راستے پر پہنچنے کی ذمہ داری سپرد کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آج تیاری جلسہ کو کانگریس امیدوار ڈاکٹر ریتا بہوگنا جوشی سمیت سابق وزیررام کرشن دیویدی لکھنؤ زون کے انچارج ونود چودھری ، اترپردیش کانگریس کمیٹی کے جنرل سکرٹری اور لکھنؤ پارلیمانی حلقہ کے انتظامیہ کمیٹی کے چیئر مین شام کشور شکلا ، اترپردیش کانگریس کمیٹی کے خازن ہریش باجپئی ، دہلی کے رکن اسمبلی جے کشن ، رمیش شریواستو، اترپردیش کانگریس کمیٹی کے ترجمان ویریندر میدان ، جنرل سکریٹری شیام لال پجاری اور ریاستی جنرل سکریٹری رام گوپال سنگھ ، کے کے شکلا وغیرہ نے خطاب کیا۔