علی گڑھ: ضلع کے ہردوا گنج تھانہ علاقے میں گوشت کے تاجروں کی ماب لنچنگ کے معاملے میں پولیس نے تین نامزد ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے ملزم وجے گپتا، وجے بجرنگی اور لو کش کو بروتھا نہر کے پل کے قریب سے گرفتار کیا ہے۔ پولیس دیگر مفرور ملزمان کی تلاش میں مصروف ہے۔
متاثرہ گوشت کے تاجروں کی جانب سے درج کرائی گئی شکایت کے مطابق عقیل، ارباز، قدیم، عقیل ہفتہ کو گوشت فیکٹری سے گوشت بیچنے کے لیے اتراولی جا رہے تھے۔
ان کے پاس لگل گیٹ پرمٹ اور تمام دستاویزات ہونے کے باوجود الزام ہے کہ ہردوگنج علاقے میں پہنچ کر رام کمار آریہ، ارجن، بھولو وغیرہ نے سازش کی اور گاڑی کو روکا۔
الزام ہے کہ ان ملزمان نے متاثرین سے 50 ہزار روپے کا مطالبہ کیا۔ جب متاثرین نے رقم دینے سے انکار کیا تو ملزم رویندر اور لو کش اور دیگر کئی ملزمان نے انہیں قتل کرنے کی نیت سے لوہے کی سلاخوں، لاٹھیوں اور تیز دھار ہتھیاروں سے مارنا شروع کردیا اور متاثرین کو یرغمال بنائے رکھا۔
پولیس کے مطابق اس معاملے میں 13 نامزد اور 20-25 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں رام کمار آریہ، ارجن بھولو، چیتن لودھی، شیوم ہندو، رویندرا، لو کش، انوج، بھورا، وجے، گریش کمار، انکت محمود پور، رانا احلاد پور اور وجے کمار گپتا کے نام شامل ہیں۔ پولیس نے وجے گپتا، وجے بجرنگی اور لو کش کو گرفتار کر لیا ہے۔
ایس ایس پی سنجیو سمن نے کہا کہ ضلع کے امن و امان سے چھیڑ چھاڑ کرنے والوں کو کسی بھی صورت میں بخشا نہیں جائے گا۔ سماجی ہم آہنگی کو خراب کرنے اور ماحول کو خراب کرنے والے شرپسند عناصر کے خلاف سخت ترین تعزیری کارروائی کی جائے گی۔
فی الحال پولیس دیگر مفرور ملزمان کی تلاش میں مصروف ہے اور علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے چوکسی برقرار رکھی جارہی ہے۔