نئی دہلی : ایران پر اسرائیل کے فضائی حملے کے بعد ہندوستان نے دونوں ممالک میں رہنے والے ہندوستانی شہریوں کو خبردار رہنے اور مقامی سیکورٹی پروٹوکول پر عمل کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
تہران میں ہندوستانی سفارت خانے نے ایکس پر ایک پوسٹ میں جاری کردہ ایک ایڈوائزری میں کہا ’’ایران کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر، تمام ہندوستانی شہریوں اور ایران میں ہند نژاد افراد سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ خبردار رہیں، تمام غیر ضروری سرگرمیوں سے گریز کریں، سفارت خانے کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ میں دی گئی ہدایات پر عمل کریں اور مقامی افسران کے مشورے کے مطابق سیکورٹی پروٹوکول پر عمل کریں۔
’ تل ابیب میں ہندوستانی سفارت خانے نے ایکس پر لکھا ہے کہ خطے کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر، اسرائیل میں موجود تمام ہندوستانی شہریوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ خبردار رہیں اور اسرائیلی افسران اور ہوم فرنٹ کمانڈ کے مشورے کے مطابق حفاظتی پروٹوکول پر عمل کریں۔
دونوں سفارت خانوں نے ہندوستانی تارکین وطن سے محتاط رہنے، ملک کے اندر غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور حفاظتی پناہ گاہوں کے قریب رہنے کی درخواست کی ہے۔