سری نگر : ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے بیچ پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر محبوبہ مفتی نے وزارت خارجہ سے ایران میں پھنسے کشمیری طلبا کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنانے کے لئے فوری اقدام کرنے کی اپیل کی ہے۔
انہوں نے پیر کو ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا: ‘ایران میں پھنسے ہوئے کشمیری طلبا کے اہلخانہ کی بے چینی ہر گذرتے دن کے ساتھ بڑھ رہی ہے’ان کا پوسٹ میں کہنا تھا: ‘ میں وزارت خارجہ سے پر زور اپیل کرتی ہوں کہ وہ مداخلت کرے اور ان بچوں کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کرے’۔
ادھر پیپلز کانفرنس کے صدر سجاد لون نے بھی حکومت سے ایران میں پھنسے کشمیری طلبا کی واپسی کے لئے اقدام کرنے کی اپیل کی ہے۔انہوں نے ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا: ‘ حکومت سے عاجزانہ اپیل، ہمیں اپنے شہریوں کو واپس لانے کے لیے جو کچھ کرنا ہو گا وہ کرنا چاہیے’۔ان کا کہنا تھا: ‘طلباء جو وہاں پھنسے ہوئے ہیں انہیں بحفاظت واپس لانے کے لئے کوششیں کرنی چاہئے’۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے گذشتہ روز ایران میں زیر تعلیم کشمیری طلبا کی حفاظت کے حوالے وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر سے بات چیت کی.انہوں نے ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا: ‘میں نے وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر کے ساتھ ایران کی صورتحال خاص طور پر اس ملک میں کشمیری طلبا کی فلاح و بہبود کے حوالے سے بات کی’۔ان کا کہنا تھا: ‘انہوں نے مجھے یقین دہانی کی کہ وزارت خارجہ ایران میں اپنے ہم منصبوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور ایران میں زیر تعلیم ہندوستانی طلبا کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے تمام ضروری اقدام کئے جائیں گے’۔
ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کے بیچ ایران میں زیر تعلیم کشمیری طلباء کی سلامتی کو لے کر والدین میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔اتوار کے روز درجنوں والدین نے پریس کالونی، سرینگر میں احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے حکومت ہند سے اپنے بچوں کی فوری وطن واپسی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔