واشنگٹن : امریکی وزارت خارجہ نے بیرون ملک مقیم اپنے شہریوں کے لیے عالمی سکیورٹی وارننگ جاری کرتے ہوئے انہیں زیادہ محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔
اتوار کو امریکی وزارت خارجہ کی ویب سائٹ پر جاری ہونے والے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ “اسرائیل اور ایران کے درمیان تنازعہ نے مشرق وسطیٰ میں سفر میں خلل ڈالا ہے اور وقتاً فوقتاً فضائی حدود کو بھی بند کیا گیا ہے۔ بیرون ملک میں امریکی شہریوں اور ان کے مفادات کے خلاف مظاہروں کا امکان ہے۔ اس لیے دنیا بھر کے امریکی شہریوں کو زیادہ محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔”
غور طلب ہے کہ امریکہ نے ہفتہ کو ایران کے تین بڑے جوہری ٹھکانوں پر حملہ کرکے اس کے جوہری پروگرام کو مکمل طور پر تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا تھا کہ اگر ایران نے جوابی کارروائی کی تو امریکہ اس سے بھی بڑے حملے کرے گا۔
گزشتہ ہفتے، محکمہ خارجہ نے امریکی مسافروں کو مسلح تصادم، دہشت گردی اور شہری بدامنی کی وجہ سے اسرائیل، غزہ اور مغربی کنارے کا سفر کرنے سے روک دیا۔