نئی دہلی : دہلی کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت پر بدعنوانی کا الزام لگاتے ہوئے کانگریس نے کہا ہے کہ وہ مانسون کے موسم میں ایک عجیب اسکیم لانے کی تیاری کر رہی ہے جس کے تحت 3 جولائی سے قومی دارالحکومت میں آلودگی کو کم کرنے کے لیے مصنوعی بارش کی جائے گی اور اس پر 3 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔
پارٹی نے اسے بی جے پی کی بدعنوانی کا ایک بڑا گھپلہ قرار دیا اور کہا کہ بی جے پی اس کے تحت عوام کے پیسے کو ضائع کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ کانگریس نے اس اسکیم کو بدعنوانی کو پنکھ دینے کا ایک نیا بہانہ قرار دیا اور کہا کہ اس نے عوام کے پیسے کو اس طرح برباد کرنے کا تہیہ کرلیا ہے۔
کانگریس نے اپنے آفیشل ایکس پیج پر کہاکہ “دہلی کی بی جے پی حکومت ایک بڑے گھپلے کا منصوبہ لے کر آئی ہے۔ اس منصوبے کے تحت حکومت بارش کے موسم میں پہلے سے گیلی دہلی پر ‘مصنوعی بارش’ کرنے جا رہی ہے۔
اس میں آپ کی محنت کی کمائی کے صرف 3 کروڑ روپے ضائع ہوں گے۔ بی جے پی نے نئے بہانے لا کر عوام کے پیسے کو برباد کرنے کا تہیہ کیا ہے۔” پارٹی کی ترجمان سپریہ سرینیٹ نے کہاکہ “دہلی کی بی جے پی حکومت آلودگی کو ختم کرنے کے لیے دہلی میں مصنوعی بارش کرنے جا رہی ہے، یہ 04-11 جولائی کے درمیان ہو گا،
لیکن یہ حیرت انگیز ہے کہ یہ مصنوعی بارش مانسون کے موسم میں کی جا رہی ہے، یہ حیرت انگیز بدعنوانی ہے، بی جے پی والوں کو کم از کم اپنی آنکھوں میں شرم کے آنسو تو بہنے دینے چاہئیں۔”