پتھورا گڑھ سڑک حادثے پر وزیر اعظم کی طرف سے اظہار تعزیت اور وزیر اعظم کے قومی ریلیف فنڈ سے فراہم کی گئی مالی امداد اس مشکل وقت میں غمزدہ خاندانوں کو طاقت دے گی۔
اتراکھنڈ میں پتھورا گڑھ ضلع کے تھل علاقے میں منگل کو ایک جیپ گہری کھائی میں گرنے سے آٹھ افراد کی موت ہو گئی اور پانچ دیگر زخمی ہو گئے۔ ریاست کے وزیر اعلی پشکر سنگھ دھامی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے حادثے پر غم کا اظہار کیا اور متاثرین کے اہل خانہ کو مالی امداد دینے کا اعلان کیا۔
تھل پولیس اسٹیشن کے انچارج شنکر سنگھ راوت نے بتایا کہ حادثہ موانی کے سنی گاؤں میں پیش آیا جہاں بوکتا گاؤں جارہی جیپ بے قابو ہوکر گہری کھائی میں گر گئی۔ راوت نے بتایا کہ حادثے میں آٹھ افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔
انہوں نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) کی ٹیم موقع پر پہنچی اور مقامی لوگوں کی مدد سے بچاؤ اور راحت کاری کا کام شروع کیا۔
راوت نے کہا کہ زخمیوں کو کھائی سے نکال کر میوانی کے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ پتھورا گڑھ کے ضلع ڈیزاسٹر مینجمنٹ آفیسر بھوپیندر سنگھ مہر نے بتایا کہ مرنے والوں کی لاشیں کھائی سے نکال لی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مرنے والوں میں پانچ خواتین اور تین مرد شامل ہیں۔
مرنے والوں میں ڈرائیور بھی شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والے تمام افراد مقامی تھے اور میوانی بازار سے اپنے گاؤں واپس جا رہے تھے۔ پتھورا گڑھ کے ضلع مجسٹریٹ ونود گوسوامی نے کہا کہ ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ ڈرائیور کی لاپرواہی اور گاڑی میں گنجائش سے زیادہ مسافروں کا ہونا معلوم ہوتا ہے۔
وزیراعلیٰ نے حادثے پر دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر لکھا، “پتھورا گڑھ سڑک حادثے پر وزیر اعظم کی طرف سے اظہار تعزیت اور وزیر اعظم کے قومی ریلیف فنڈ سے فراہم کردہ مالی امداد اس مشکل وقت میں سوگوار خاندان کو طاقت دے گی۔”
انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت مہلوکین کے لواحقین کو دو دو لاکھ روپے اور زخمیوں کو پچاس پچاس ہزار روپے کی امداد بھی فراہم کرے گی۔ دھامی نے کہا کہ ریاستی حکومت مہلوکین کے اہل خانہ کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے اور زخمیوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔