نئی دہلی : دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے کہا ہے کہ سابقہ حکومت کے محلہ کلینکوں میں کسی قسم کی طبی سہولت نہیں تھی اور اب جو آروگیہ مندر بنائے جا رہے ہیں ان میں ہر طرح کی سہولیات اور چیک اپ کے انتظامات ہیں۔
محترمہ ریکھا گپتا نے 34 آروگیہ مندر اور آٹھ جن اوشدھی کیندروں کا افتتاح کرنے کے بعد، آج کہا کہ دہلی میں سات سپر اسپیشلٹی اسپتال بنائے جائیں گے جن میں خاص بیماریوں کے لیے خصوصی انتظامات ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ صحت کی سہولیات کو مزید بڑھانے کے لیے کام کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت دہلی کے لوگوں کو ان کا حق دلانے کے لئے محنت کر رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہر اسمبلی میں پندرہ آروگیہ مندر بنائے جائیں گے اور یہ اسمبلی کے لوگوں کی لائف لائن بنیں گے۔ آروگیہ مندر دن رات لوگوں کی خدمت کریں گے اور صرف ایمرجنسی کی صورت میں ہی سپر اسپیشلٹی اسپتال جانے کی ضرورت پڑے گی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے تعاون سے دارالحکومت ‘وکست دلی’ کی سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی آگے بڑھے گا تو ملک بھی آگے بڑھے گا۔