لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ ڈاکٹر کے یہاں ملازمت کرنے والی ملازمہ کو تیز رفتار کار نے ٹکر مار دی۔ کار کی ٹکر سے ملازمہ شدید طور سے زخمی ہو گئی۔ مقامی لوگوں نے زخمی ملازمہ کو پی جی آئی میں داخل کرایا جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہو گئی۔ دربھنگہ بہار کی رہنے والی چالیس سالہ ممتا گزشتہ ۱۵ برسوں سے پی جی آئی واقع ورنداون میں برجیش کے گھر میں کرائے پر رہتی تھی۔ ممتا پی جی آئی اسپتال کے ڈاکٹر کے یہاں کھانا پکانے کا کام کر رہی تھی۔ روزانہ کی طرح ممتا جمعرات کی صبح ڈاکٹر کے گھر سے اپنے گھر جانے کیلئے روانہ ہوئی۔اسی دوران پی جی آئی گیٹ کے سامنے اسے تیز رفتار کار نے ٹکر مار دی۔ مقامی لوگوں نے اسے پی جی آئی اسپتال میں داخل کرایا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
مذکورہ اطلاع ممتا کے شوہر نے دی ہے۔