لکھنؤ۔ راشٹریہ لوک دل اترپردیش کے ریاستی جنرل سکریٹری وسیم حیدر نے لکھنؤ پارلیمانی حلقہ سے کانگریس امیدوار ڈاکٹر ریتا بہوگناجوشی کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ لکھنؤ سے ان کی کامیابی یقینی ہے اس لئے کہ انہیں لکھنؤ میں تمام طبقوں کی حمایت حاصل ہو رہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ لکھنؤ کی نشست پر ان کا حق بنتا ہے کیونکہ انہوں نے لکھنؤ کے عوام کے درمیان رہ کر کام کیا ہے اور یہاں کے لوگوں کے دکھ درد میں بلا تفریق ہمیشہ شریک ہوتی رہی ہیں۔ انہوںنے لکھنؤ کی کسی دیگر پارٹی کے امیدوار کا نام لئے بغیر کہاکہ ایسے بھی امیدوار انتخابی میدان میں آگئے ہیں جن کا ماضی کا ریکارڈ رہا ہے کہ وہ کامیاب ہونے کے بعد واپس اس علاقہ میں نہیں جاتے جہاں سے وہ کامییاب ہوتے ہیں اور ہر الیک
شن میں اپنی سیٹ تبدیل کر دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لکھنؤ کے عوام اس بات کا خیال رکھیں گے اور ایسے امیدوار کو کامیاب بنائیں گے جو ان کے درمیان رہتا آیا ہے اور ہمیشہ ان کے دکھ درد میں شریک رہا ہے۔ وسیم حیدر نے لکھنؤ کے لوگوں سے اور خاص طور سے اقلیتی طبقہ سے اپیل کی ہے کہ وہ تیس اپریل کو اپنے تمام کاموں کو چھوڑ کر پہلی فرصت میں ووٹ دینے کیلئے جائیں اور ڈاکٹر ریتا بہوگنا جوشی کو اکثریتی ووٹوں سے کامیاب بنائیں۔