رودرپریاگ: اتراکھنڈ کے رودرپریاگ ضلع میں بادل پھٹنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔ بسوکیدار تحصیل کے تحت بڑیتھ ڈنگر توک علاقے میں بادل پھٹنے کے بعد آنے والے ملبے سے بھاری نقصان کی اطلاع ملی ہے۔
متاثرہ علاقوں میں ضلع انتظامیہ کی جانب سے امداد اور راحت رسانی کا کام جنگی پیمانے پر جاری ہے۔
بادل پھٹنے سے تباہی
رودرپریاگ ضلع انتظامیہ سے موصولہ ابتدائی جانکاری کے مطابق سیور علاقے میں ایک مکان کو نقصان پہنچا ہے اور ایک بولیرو گاڑی بہہ گئی ہے۔ بڑیتھ، بگڑدھار اور تال جامنی گاؤں کے دونوں طرف ندی میں بڑی مقدار میں پانی اور ملبہ آنے کی اطلاع ملی ہے۔
وہیں کمانا علاقے میں بھی زرعی اراضی اور سڑک پر بڑے پتھر اور ملبہ آنے کی اطلاع ہے۔ وہیں ارکھنڈ علاقے میں مچھلی کے تالاب اور پولٹری فارم بہہ گئے ہیں۔
اسی کے ساتھ ہی چھینا گڑھ کے بازار علاقے میں ملبہ جمع ہونے اور گاڑیوں کے بہہ جانے کی بھی خبر ہے۔ چھینا گڑھ اور ڈوگر گاؤں میں کچھ لوگوں کے لاپتہ ہونے کی خبر ہے۔ وہیں جولا بڑیتھ میں بھی کچھ لوگوں کے کمشدہ ہونے کی خبر ہے۔
ریسکیو میں مصروف سرکاری ایجنسیاں
رودرپریاگ ضلع انتظامیہ متاثرہ لوگوں کو فوری مدد فراہم کرنے اور انہیں محفوظ مقامات پر پہنچانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔ این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف، پولیس اور محکمہ محصولات کی ٹیمیں راحت اور بچاؤ کاموں میں لگاتار مصروف ہیں۔
رودرپریاگ کے ضلع مجسٹریٹ پرتیک جین ڈیزاسٹر کنٹرول روم کے حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ آفت زدہ علاقوں میں ضلع سطح کے افسران کو تعینات کیا جا رہا ہے۔ ضلع مجسٹریٹ نے راحت اور بچاؤ کاموں کو مؤثر طریقے سے چلانے کے لیے ہدایات دی ہیں۔
سڑک کو بحال کرنے کی کوششیں جاری
ضلع مجسٹریٹ کی سربراہی میں تمام ضلع سطح کے افسران ضلع ڈیزاسٹر کنٹرول روم میں مسلسل باہمی تال میل کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں این ایچ، پی ڈبلیو ڈی، پی ایم جی ایس وائی کی مختلف ٹیمیں سڑکوں کی بحالی کے کام میں مصروف ہیں۔
آفت زدہ علاقوں تک پہنچنے کے لیے متبادل راستوں کی نشاندہی کی گئی ہے اور ریسکیو ٹیمیں بھیجی جارہی ہیں۔ ضلع سطح سے مختلف افسران کو متعلقہ ریونیو انسپکٹر اور دیگر اہلکاروں کے ساتھ فوری کارروائی کے لیے متاثرہ دیہات میں بھیجا گیا ہے۔
پہاڑوں میں موسلادھار بارش کی وجہ سے الکنندہ میں بھی طغیانی ہے۔ بدری ناتھ قومی شاہراہ پر سروباگڑھ کے قریب منی گوا بیچ پر الکنندا کا پانی ہائی وے پر آگیا ہے۔
کئی مقامات پر شدید بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے ریاست بھر میں سڑکوں پر آمد و رفت ٹھپ پڑ گئی ہے۔ کئی قومی شاہراہیں بند کر دی گئی ہیں۔ محکمہ تعمیرات عامہ کی ٹیمیں ملبہ ہٹانے اور سڑکیں کھولنے کے کام میں مصروف ہیں۔