آئرلینڈ کے وزیر خارجہ سائمن ہیرس نے جمعرات کو بتایا ہے کہ رواں ہفتے غزہ سے 52 طالب علم آئرلینڈ پہنچ رہے ہیں۔
سائمن ہیرس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’میں ان نوجوان فلسطینیوں کی آئرلینڈ آمد کا خیرمقدم کرتا ہوں اور ان کے یہاں تعلیم حاصل کرنے میں کامیابی کی خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔‘
بیان کے مطابق غزہ سے آنے والے طالب علموں کا پہلا گروپ جو 26 افراد پر مشتمل ہے جمعرات کو پہنچ رہا ہے جبکہ بقیہ طلبہ جمعے اور اتوار کے درمیان پہنچ جائیں گے۔
آئرلینڈ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں کے آغاز کے بعد سے وہ اب تک 200 افراد کو غزہ سے یورپی ممالک آنے میں مدد کر چکا ہے۔
آئرش وزیر خارجہ نے بیان میں بتایا ہے کہ ڈبلن نے خطے میں اپنے سفارت خانوں اور متعلقہ حکام کے ساتھ کام کیا تاکہ طلبہ کا یہ گروپ آئرلینڈ آ سکیں۔
سائمن ہیرس نے سرکاری براڈ کاسٹر آر ٹی ای سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’ہماری پہلی اور فوری ترجیح یہ ہو گی کہ ان کو (طلبہ) سکریننگ اور علاج کے لیے طبی مرکز منتقل کیا جائے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہماری کوشش ہو گی کہ غذائی قلت سے پیدا ہونے والے سنجیدہ مسائل کو بھی دیکھیں۔
’یہ ایک چھوٹا اور عملی قدم ہے جو آئرش لوگ فلسطین میں موجود نوجوانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی میں اٹھا سکتے ہیں۔‘