جموں : ضلع جموں کے اکھنور علاقے میں دریائے چناب میں پانی خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہا ہے جس کے باعث گڑکھل نامی گاؤں میں کم از کم 40 افراد محصور ہو گئے ہیں۔
مقامی انتظامیہ نے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا ہے تاہم پانی مسلسل بڑھ رہا ہے جس کے باعث لوگوں کو نکالنے میں دشواری پیش آ رہی ہے۔
اکھنور کے رکن اسمبلی موہن لال نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’’دریائے چناب کا پانی خطرے کی حد سے عبور کر چکا ہے اور گڑکھل اور پرگوال کے کئی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔‘‘
ان کے مطابق ہزاروں افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ پرگوال سیکٹر کے چند گاؤں کا رابطہ صدر مقام سے سڑک رابطہ منقطع ہونے سے کٹ چکا ہے۔ انہوں نے کہا: ’’ایئر فورس کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کی جا سکے۔‘‘
موہن لال نے مزید بتایا کہ چک چورا کے بالائی علاقوں میں پَلنوالہ نالے میں کلاؤڈ برسٹ کے باعث شدید فلیش فلڈز آئے ہیں جس کے سبب خطرہ مزید بڑھ گیا ہے۔
جموں خطے کی مجموعی صورتحال تشویشناک قرار دی جا رہی ہے کیونکہ بیشتر دریا خطرے کے نشان کے قریب یا اس سے اوپر بہہ رہے ہیں۔ دریں اثناء وادی کشمیر میں بھی سیلاب کا خطرہ منڈلا رہا ہے اور جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں کئی رہائشی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔