لکھنؤ میں، اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد (اے بی وی پی) کے طلباء نے وزیر اوم پرکاش راج بھر کی رہائش گاہ کے باہر زبردست مظاہرہ کیا۔ طلباء نے نعرے لگائے اور رات گئے وزیر کا پتلا بھی نذر آتش کیا۔
طلبہ نے الزام لگایا کہ وزیر اوم پرکاش راج بھر اے بی وی پی پر لاٹھی چارج کی حمایت کررہے ہیں اور تنظیم سے وابستہ طلبہ کو ’’اے بی وی پی کے غنڈے‘‘ کہہ رہے ہیں۔ اس کے خلاف طلبہ کی بڑی تعداد ان کے گھر کے باہر جمع ہوئی اور مظاہرہ کیا۔
واقعہ کے دوران ماحول کشیدہ ہو گیا۔ سبھاسپا کے قومی جنرل سکریٹری ارون راج بھر نے کہا کہ کچھ لوگوں نے وزیر کی رہائش گاہ پر پتھراؤ کیا اور بدسلوکی کی۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی پسماندہ طبقے کے رہنما کے ساتھ ایسا سلوک نامناسب ہے اور اسے غنڈہ گردی قرار دیا ہے۔
ارون راج بھر نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ایسے شرپسندوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں اختلاف رائے کا اظہار کرنے کا حق ہے لیکن تشدد اور بے ضابطگی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جانا چاہیے۔