برطانوی دارالحکومت لندن میں دائیں بازو کے رہنما ٹومی روبنسن کے زیرِ اہتمام مظاہرے میں 26 پولیس افسران زخمی ہو گئے جبکہ ہنگامہ آرائی میں ملوث 25 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

ہفتے کو یونائیٹ دی کنگڈم کے عنوان سے ہونے والے دائیں بازو کے مظاہرے کے شرکاء کی تعداد تقریباً ڈیڑھ لاکھ تھی۔
تفصیلات کے مطابق دائیں بازو کے مظاہرے کے شرکاء اور جوابی مظاہرے کے شرکاء کو ایک دوسرے سے دور رکھنے کے لیے پولیس کو سخت جدوجہد کرنا پڑی اس دوران دائیں بازو کے شرکاء کی طرف سے پولیس پر بوتلیں اور دیگر اشیاء پھینکی جاتی رہیں جن سے 4 پولیس افسران شدید زخمی بھی ہوئے۔
میٹ پولیس نے مظاہرے کے دوران تشدد کو ناقابلِ قبول قرار دیا ہے، مظاہروں کے سبب 1500 سے زائد پولیس افسران کو تعینات کیا گیا تھا، 500 پولیس افسران کی خدمات دیگر فورسز سے حاصل کی گئی تھیں۔









