نئی دہلی: جواہر لال نہرو یونیورسٹی (جے این یو) طلباء یونین کے انتخابات 2025-26 کی تیاریاں تیز ہو گئی ہیں۔ یونیورسٹی کی الیکشن کمیٹی نے طلبہ یونین کے انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ یونین الیکشن کے لیے ووٹنگ چار نومبر 2025 کو ہوگی اور نتائج کا اعلان چھ نومبر کو کیا جائے گا۔
الیکشن کمیٹی نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ ووٹر لسٹ میں کسی بھی قسم کی ترامیم یا اضافے کو کاغذات نامزدگی سے قبل مکمل کرنا ہوگا تاکہ امیدواروں کی شناخت میں کسی قسم دقت نہ ہو۔
الیکشن کمیٹی کے چیرپرسن روی کانت کی طرف سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق عارضی ووٹر لسٹ 24 اکتوبر کو آویزاں کی جائے گی، اور اسی دن صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک درستگی کا عمل شروع ہوگا۔ کاغذات نامزدگی 25 اکتوبر کو دوپہر دو بجے سے شام پانچ بجے تک جاری کیے جائیں گے۔
نامزدگی کا عمل 27 اکتوبر کو صبح 9:30 بجے سے شام تک بجے تک چلے گا۔ اس کے بعد درست نامزدگیوں کی فہرست 28 اکتوبر کو صبح 10 بجے جاری کی جائے گی، اور دوپہر دو بجے سے شام پانچ بجے تک دستبرداری کی جا سکے گی۔
امیدواروں کی حتمی فہرست اسی دن شام سات بجے شائع کی جائے گی۔ اسی رات آٹھ بجے امیدواروں کے ساتھ پریس کانفرنس اور میڈیا بریفنگ ہوگی۔ جنرل باڈی میٹنگز (GBMs) اسکول کی سطح پر 29 اکتوبر سے 31 اکتوبر تک منعقد ہوں گی۔
یکم نومبر کو شام چھ بجے یونیورسٹی جنرل باڈی کا اجلاس منعقد ہوگا، جب کہ صدارتی امیدواروں کے درمیان دو نومبر کی رات آٹھ بجے مباحثہ ہوگا۔ تین نومبر کو ‘نو کمپین ڈے’ قرار دیا گیا ہے، اس دوران کسی قسم کی مہم چلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ووٹنگ چار نومبر کو ہوگی، پہلی شفٹ صبح 9 بجے سے دوپہر ایک بجے تک اور دوسری شفٹ دوپہر 2:30 سے 5:30 بجے تک ہوگی۔ ووٹوں کی گنتی اسی دن رات 9 بجے شروع ہوگی۔ انتخابی نتائج کا اعلان چھ نومبر کو کیا جائے گا۔