کینبرا:سونے سے بنی قیمتی اشیا اور زیورات ایک عام انسان صرف سپنوں میں ہی خریدسکتا ہے لیکن کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ سونے سے بنا ٹوائلٹ پیپر خریدا جائے ؟۔ یقینا نہیں سوچا ہو گا لیکن ایک آسٹریلین کمپنی نے22قیراط خالص سونے سے بنا ٹوائلٹ پیپر فروخت کیلئے پیش کر دیا ہے جسکی کل مالیت 16لاکھ ڈالرہے۔”ٹوائلٹ پیپر مین “نامی کمپنی کے خالص سونے سے تیارکردہ سنہری رنگ کے یہ ٹوائلٹ پیپر ناصرف قابلِ استعمال ہے بلکہ سو فیصد محفوظ بھی ہے۔اس سے قبل جہاں ایک طرف ہانگ کانگ کے ایک بزنس مین نے سونا محفوظ کرنے کیلئے خالص سونے کا کموڈ بناڈالا وہیں فلوریڈا کے ایک ماہر ڈیزائنر نے خصوصی طور سے تراشے گئے کرسٹل سے مہنگا ترین کموڈ بھی تیار کیا ہے۔یہ کہنا قطعاً غلط نا ہو گا کہ جہاں دنیا بھر میں ہزاروں افراد بھوک اور افلاس سے اپنی جان تک گنوا دیتے ہیں وہیں کچھ لوگوں کے یہ چونچلے نا صرف پیسوں اور وقت کا ضیاع ہے بلکہ انکی بے حسی کا بھی منہ بولتا ثبوت ہے۔