ہنوئی ویتنام کے وسطی علاقوں میں مسلسل بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچا دی ہے، جس کے نتیجے میں کم از کم 9 افراد ہلاک اور 5 لاپتہ ہو گئے ہیں۔ حکومت کے پورٹل نے بدھ کو اطلاع دی۔
قومی شہری دفاعی اسٹیئرنگ کمیٹی کے دفتر کے مطابق، دا نانگ شہر میں چھ ، ہوئے شہر میں ایک اور کوانگ نائی صوبے میں 2 اموات ریکارڈ کی گئیں۔
بدھ کے روز سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے حکام کے ساتھ بحالیِ کاموں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے، ویتنام کے وزیرِ اعظم فام منہ چنہ نے کہا کہ یہ وسطی ویتنام میں ایک غیر معمولی اور شدید سیلابی صورتحال ہے، جہاں کئی علاقوں میں ریکارڈ توڑ بارش ہوئی ہے۔
وزیرِ زراعت و ماحولیات ترن دک تھانگ نے بتایا کہ سیلاب نے ہوئے اور دا نانگ شہروں کی 40 میں سے 32 تحصیلوں اور وارڈز کو زیرِ آب کر دیا ہے، جس سے ایک لاکھ دس ہزار سے زائد گھروں پر اثر پڑا ہے۔
وزیرِاعظم نے مقامی حکام کو ہدایت دی کہ وہ زمین کھسکنے اور اچانک آنے والے سیلاب کے خطرے والے علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل جاری رکھیں اور متاثرہ علاقوں کے لیے خوراک، ضروری اشیاء، صاف پانی اور جراثیم کش مواد کی فراہمی یقینی بنائیں۔