کینیا میں شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ سے 26 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ کینین حکومتی ترجمان نے اتوار کو بتایا کہ مغربی کینیا کی رِفٹ ویلی میں شدید بارشوں کے باعث ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ سے چھبیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں،
یہ الم ناک واقعہ ہفتے کے روز رونما ہوا تھا، جس کے بعد علاقے میں امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔
ہول ناک حادثے میں چھبیس افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے، جن میں سے بیش تر اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں، متاثرہ علاقوں میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے لیے فوجی طیارے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
کینیا میں گزشتہ کچھ برسوں کے دوران لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کے واقعات میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ گزشتہ سال وسطی کینیا میں مٹی کے تودے گرنے اور سیلاب سے 61 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔
روئٹرز کے مطابق حکومت کے ترجمان اسحاق موورا نے ایک بیان میں کہا کہ 25 افراد اب بھی لاپتا ہیں، جن کی تلاش کے لیے فوجی طیارے اور ڈیزاسٹر رسپانس ماہرین کو تعینات کیا گیا ہے۔
سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی زیادہ شدید اور متواتر شدید موسمی واقعات کا باعث بن رہی ہے۔ یوگنڈا ریڈ کراس کے مطابق، ہمسایہ ملک یوگنڈا کے مشرق میں لینڈ سلائیڈنگ سے بھی گزشتہ ہفتے کم از کم 13 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔